Wednesday, February 25, 2009

سپریم کورٹ نے نواز شریف اور شہباز شریف کو نا اہل قرار دیدیا


اسلام آباد ۔25 فروری (اے پی پی) سپریم کورٹ نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد میاں نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کو نااہل قراردیدیا ہے، اور ان کے حق میں دائر کردہ اپیلیں خارج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کو کالعدم قرار دیدیا ہے اس فیصلے کے تحت میاں شہباز شریف اب پنجاب اسمبلی کے رکن اور وزیراعلیٰ پنجاب نہیں رہیں گئے ۔ سپریم کورٹ کے جج جسٹس موسیٰ کے لغاری کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے شریف برادران کی اہلیت سے متعلق کیس کی سماعت کی جس میں جسٹس شیخ حاکم علی اور جسٹس سخی حسین بخاری شامل تھے۔

عدالت عظمیٰ نے بدھ کو اٹارنی جنرل سردار لطیف کھوسہ کے دلائل سننے کے بعد یہ مختصر حکم جاری کیا اور اپنے حکم میں قرار دیا کہ میاں نواز شریف کے خلاف سید خرم شاہ کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت عظمیٰ اس معاملے میں دائر کی گئی تمام اپیلیں خارج کرتی ہے۔ اس میں فیڈریشن کی اپیلیں بھی شامل تھیں، جو میاں نوازشریف اور شہباز شریف کے خلاف لاہور ہائی کورٹ کے فل بینچ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر کی گئی تھی۔ میاں نواز شریف کی جانب سے ان کے تجویز کنندہ مہر ظفر اقبال اور تائید کنندہ شکیل بیگ نے اپیل دائر کی تھی اور عدالت سے استدعا کی تھی کہ انہیں فیڈریشن کی طرف سے دائر کردہ اپیلوں میں فریق بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف کی طرف سے سپیکر پنجاب اسمبلی اور چیف سیکرٹری پنجاب نے اپیلیں دائر کی تھیں جبکہ میاں نواز شریف کے خلاف قومی اسمبلی کے حلقہ 123 میں امیدوار نور الٰہی اور ایک عام شہری خرم شاہ نے اپیلیں دائر کی تھیں۔