Sunday, May 8, 2011

میونخ نے سینٹ پاؤلی کو بنڈس لیگا کے پہلے درجے سے نکال دیا

جرمنی کی قومی فٹ بال چیمپئن شپ بنڈس لیگا کے رواں سیزن کے 33ویں میچ ڈے میں بائرن میونخ نے سینٹ پاؤلی کو ایک کے مقابلے میں آٹھ گولوں سے ہرا دیا ہے۔ اس شکست کے ساتھ ہی سینٹ پاؤلی لیگ کے پہلے درجے سے دوسرے درجے میں چلی گئی ہے۔ اس میچ کی خاص بات بائرن میونخ کے کھلاڑی ماریو Gomez کی ہیٹ ٹرک جبکہ Ribery اور Robben کے دو دو گول تھے۔ اس فتح کے ساتھ ہی بائرن میونخ کی ٹیم چیمپئنز لیگ کے کوالیفائنگ میچ کے لیےبھی اہل ہو گئی ہے۔ ہفتے کو لیورکوزن اور ہیمبرگ کے درمیان کھیلا جانے والا میچ ایک ایک گول سے برابر رہا۔

لیبیا تیونس پر شیلنگ سے خبردار رہے، تیونس حکومت

لیبیا میں معمر قذافی کی حامی فورسز کی جانب سے ملک کے مغربی علاقے میں کی جانے والی کارروائی کے دوران کئی شیل پڑوسی ملک تیونس میں بھی جا گرے۔ اس واقعہ پر تیونس حکومت نے شدید احتجاج کیا ہے۔

تیونس حکام نے سرحد پر واقع شہر دہیبا پر ہونے والی اس بمباری کو انتہائی خطرناک قرار دیا ہے۔ ساتھ ہی حکام نے یہ بھی کہا کہ وہ ملکی خود مختاری کے تحفظ کے لیے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائیں گے۔ خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق دہیبا پر یا اس شہر کے قریب تقریباً 100مارٹر گولے گرے۔ تاہم اس واقعے میں کسی کے ہلاک یا زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق اس بمباری سے ایک گھر تباہ ہو گیا ہے۔ روئٹرز کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ شیلنگ سے علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ محفوظ مقامات پرپناہ لینے پر مجبور ہو گئے۔

ہم سرحد بند نہیں کریں گے، تیونس حکومت Bildunterschrift: Großansicht des Bildes mit der Bildunterschrift: ہم سرحد بند نہیں کریں گے، تیونس حکومت گزشتہ چند دنوں کے دوران اس شہر پر مارٹر گولوں یا شیلنگ کا یہ کوئی نیا واقعہ نہیں ہے۔ اس سے قبل بھی معمر قذافی کی حامی فورسز دونوں ممالک کی سرحد پر واقع اس شہر پر کئی مرتبہ بمباری کر چکی ہیں۔ تیونس کی وزارت خارجہ کے ایک ترجمان کے بقول ’’ ہم اپنے ملک کی خود مختاری اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھائیں گے۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے الزام عائد کیا کہ جب بھی یقین دہانیوں اور ذمہ داری کی بات ہوتی ہے تو طرابلس حکام کا رویہ غیر سنجیدہ ہوتا ہے۔

تیونس کی وزارت خارجہ کے بقول وہ اس سرحدی گزر گاہ کو بند نہیں کریں گے کیونکہ اس طرح باغیوں کا اپنے ملک سے فرار ہونے کا راستہ بند ہو جائے گا۔ اس سے قبل لیبیا کے وزیراعظم البغدادی علی المحمودی نے ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ لیبیا کی فوج نے دانستہ طور پر تیونس کو نشانہ نہیں بنایا۔

امریکہ نے اسامہ بن لادن کی ویڈیوز جاری کر دیں

امریکی محکمہ دفاع پینٹا گون نے پاکستانی شہر ایبٹ آباد میں دہشت گرد تنظیم القاعدہ کے سربراہ اسامہ بن لادن کے کمپاؤنڈ پر حملے کے دوران تحویل میں لی گئی پانچ ویڈیوز جاری کر دی ہیں۔ امریکہ کی جانب سے ہفتے کے روز جاری کردہ پانچ ویڈیوز میں سب سے اہم وہ ویڈیو ہے، جس میں اسامہ بن لادن ایک ٹی وی کے سامنے بیٹھا، اپنی ہی فوٹیج دیکھ رہا ہے۔ یہ ویڈیو چونکہ اسامہ بن لادن کے عقب سے بنائی گئی ہے، اس لیے اس میں بن لادن کا چہرہ جزوی طور پر ہی دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم جاری کردہ ویڈیوز بغیر آواز کے ہیں۔ امریکی محکمہ دفاع کا موقف ہے کہ آڈیو جاری نہ کرنے کی وجہ سکیورٹی خدشات ہیں۔ پینٹا گون کے مطابق اسامہ بن لادن ابھی تک اندازوں کے برخلاف القاعدہ کے لیے آپریشنل سطح پر رہنمائی کر رہا تھا

جاپان میں ہزاروں افراد کا جوہری توانائی کے استعمال کے خلاف مظاہرہ

جاپان میں ہزاروں افراد کا جوہری توانائی کے استعمال کے خلاف مظاہرہ

جاپان میں ایک مرتبہ پھر ہزاروں افراد نے جوہری توانائی کے استعمال کے خلاف مظاہرہ کیا ہے۔ جاپانی ریڈیو این ایچ کے’ NHK‘ کے مطابق احتجاج میں دس ہزار سے زائد افراد شریک تھے۔ مظاہرین توانائی کے استعمال کے حوالے سے حکومتی پالیسی میں فوری تبدیلی کا مطالبہ کر رہے تھے۔ متعدد احتجاجی بینرز پر درج تھا کہ جوہری توانائی اب پرانی ہو چکی ہے۔ جاپان میں آٹھ ہفتوں قبل آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں رونما ہونے والے جوہری حادثے کے باوجود ٹوکیو حکومت جوہری توانائی کے استعمال کے حوالے سے اپنی پالیسی میں کسی قسم کی کوئی رد و بدل نہیں کرنا چاہتی۔ دوسری جانب انجینئرز فوکوشیما کے جوہری پلانٹ نمبر ایک میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔