
سیالکوٹ:حضرت علامہ محمد اقبال ؒ کے130ویں یوم ولادت پرگذشتہ سال سیالکوٹ ہسٹاریکل سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ تقریب کو نہ صرف اہل سیالکوٹ بلکہ انتظامیہ اقبال منزل سیالکوٹ نے بھی انتہائی اہم تقریب قرار دیتے ہوئے اس سال بھی تقریب کے انعقاد کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار یاسر ذیشان عظیمی صدر سیالکوٹ ہسٹاریکل سوسائٹی نے گذشتہ روز ایک اجلاس منعقدہ صدر دفتر گرین ووڈ سٹریٹ میںکیا ہے۔اس سلسلہ میں چیئرمین سوسائٹی محمد فاضل بختیار قریشی نے اراکین سوسائٹی کو سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہؤے اس سال بھی 9نومبر کو یوم اقبال کی تقریب کے انعقاد کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ گزشتہ برس سوسائٹی کی جانب سے منعقدہ یہ تقریب گذشتہ 130برس میں ہونے والی پہلی تقریب تھی جس میں صبح صادق کے وقت نماز فجر اقبال منزل سیالکوٹ میں باجماعت ادا کی گئی اور نماز کے بعد خصوصی دعا اور کیک کاٹا گیابعد ازاں سرٹیفیکیٹ دیئے گئے۔ اس روایت کو برقرار رکھتے ہوئے اس برس بھی یوم اقبال پر اقبال منزل سیالکوٹ میں یوم اقبال کی سب سے پہلی تقریب سیالکوٹ ہسٹاریکل سوسائٹی کی جانب سے منعقد ہوگی۔ تقریب کا آغاز صبح نماز فجر سے ہو گا۔ نماز فجر اقبال منزل سیالکوٹ میں صاحبزادہ حامد رضا وزیر اوقاف زکوۃ و عشر آزاد ریاست جموں و کشمیرکی امامت میں باجماعت ادا کی جائے گی۔ نماز فجر کے بعد خصوصی دعا اور سالگرہ کا کیک کاٹا جائے گا۔ سوسائٹی کی جانب سے محمد جمیل کلام اقبال پیش کریں گے اور اختتام پر حضرت علامہ محمد اقبال کے دست مبارک سے تحریر کردہ نعت کی عکسی نقل سیالکوٹ ہسٹاریکل سوسائٹی کی جانب سے اقبال منزل سیالکو ٹ کے نگران سید ریاض حسین شاہ کو پیش کی جائے گی۔ نعت کا یہ عکس علامہ محمد اقبال کے ہاتھ سے تحریر کردہ واحد نعت ہے جسے سیالکوٹ ہسٹاریکل سوسائٹی نے اقبال منزل کے لئے حاصل کیا۔ (بےورورپورٹ)
