Friday, November 7, 2008

سیالکوٹ:کینٹ سٹیزن کونسل کا ایک اجلاس مقامی ہوٹل میں افتخار احمد ملک کی صدارت میں منعقدہوا جس میں چھاؤنی کے علاقہ میں رہائش پذیر شہریوں کو ٹیکسوں کی وصولی کے حوالے سے اوورچارجنگ اور زیر تعمیر سڑکوں کے منصوبہ پر کام کاجائزہ لیا گیا ۔ اجلاس میں غریب شہریوں کے مسائل کے حل اور فلاح وبہبود کیلئے ایک کمیٹی تشکیل دی گئی جس کیلئے آفتاب احمد قادری نے فنڈز فراہم کرنے کااعلان کیا ۔ اجلاس میں ملک وحید ، شیخ بشیر احمد ، عابد علی ملک ، جاوید اقبال مغل ایڈووکیٹ ، شکیل بٹ ، مفتی نجیب احمد ہاشمی ، یونس محبوب چودھری ، شیخ پرویز ، طلعت قریشی ، ملک صداقت ، ملک سرور ، شیخ عرفان ، المعروف بابا اکرم اور دیگر ممبران کونسل کی کثیرتعداد نے بھی شرکت کی ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:پیپلزسٹوڈنٹس فیڈریشن سیالکوٹ کا ایک اجلاس ضلعی صدر فیصل گجر کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں پیپلزسٹوڈنٹس فیڈریشن پنجاب کے صوبائی سینئر نائب صدر اظہر علی دیال نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ پی ایس ایف طلبہ کی نمائندہ جماعت ہے اور یہ طلبہ کے حقوق کیلئے جدوجہد کررہی ہے ۔ مقررین نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو کامشن جاری رہے گا اور مشن کی تکمیل کیلئے کسی جانی ومالی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔اجلاس میں عثمان گجر ، بابر بلا ، عثمان ورک ، رافیق شاہ ، جواد مغل ، گوہد خان ، احتشام احسن ، احسن باجوہ ، حافظ قاسم اور طلبہ کی کثیرتعداد نے شرکت کی ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:پیپلزپارٹی کے رکن پنجاب اسمبلی چودھری طاہر محمود ہندلی ایڈووکیٹ نے سیالکوٹ سے پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وفاقی کابینہ میںشامل کئے جانے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو مبارکباد دی ہے اور کہا ہے کہ اب سیالکوٹ کو پیپلزپارٹی کا گڑھ بنانے میںکوئی رکاؤٹ باقی نہیں رہی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مسلم لیگ (ق) کے سپیکرقومی اسمبلی چودھری امیرحسین کو بھاری اکثریت سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی اور ایک بڑے برج کو ہرایا اور انہیں وفاقی کابینہ میںشامل کیا جانا ضروری تھا جوکہ صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کو وفاقی کابینہ میں شامل کرکے کارکنوں اور سیالکوٹ کے عوام کے دل جیت لئے ہیں ۔رکن پنجاب اسمبلی نے کہا کہ وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ایک محنتی کارکن ہیں اور ان کے ساتھ مل کر سیالکوٹ میں پیپلزپارٹی کو گھر گھر اور محلہ محلہ زیادہ فعال ، منظم اور مضبوط کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کے کارکنوںاور عوام کے مسائل زیادہ تیزی سے حل ہونگے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی صدر جان عالم خان نے ضلع سیالکوٹ کی تمام ضلعی ، تحصیل اور مراکز کی باڈیاں ختم کرکے عبدالقیوم راہی کو ضلعی کنونیئر پنجاب ٹیچرز یونین ضلع سیالکوٹ نامز دکردیا ہے اور باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے ۔ پنجاب ٹیچرز یونین کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات میاں امجد علی نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات تک عبدالقیوم راہی ہی بطور ضلعی صدر پنجاب ٹیچرز یونین سیالکوٹ کام کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ متحد ہیںا ور مطالبات تسلیم کئے جانے تک اساتذہ کا احتجاج جاری رہے گا ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:معزول ججوں کی بحالی کیلئے سیالکوٹ بھر کے وکلاء نے جمعرات کے روز عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کیااور سارادن کوئی وکیل کسی بھی عدالت میں پیش نہ ہوا ۔ وکلاء کی ہڑتال اور عدالتی بائیکاٹ کی وجہ سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج ، ایڈیشنل سیشن ججوں اور سول ججوں وجوڈیشل مجسٹریٹوں کی عدالتوں میں زیر سماعت ایک ہزار سے زائد فوجداری اور سول مقدمات آئندہ تاریخ پیشیوں تک ملتوی کردیئے گئے ۔ سیالکوٹ ، ڈسکہ اور پسرور کی کچہریوں میں وکلاء کی ہڑتال کی وجہ سے ویرانی چھائی رہے ۔ دریں اثناء وکلاء نے ضلع کچہری میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے بار لان میں بھوک ہڑتالی کیمپ مسلسل290ویں روز بھی جاری رکھا ۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ارشد محمو دبگو ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معزول ججوں کی بحالی تک وکلاء کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ نومبر کو معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کے دورہ سیالکوٹ اور چار بجے سہ پہر ضلع کچہری میں آل پاکستان وکلاء کنونشن سے خطاب کے موقعہ پر ملک بھر سے ہزاروں وکلاء شریک ہونگے جبکہ معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری اور وکلاء تحریک کے قائدین کا سیالکوٹ آمد پر تاریخی استقبال کیا جائے گا ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ: سیالکوٹ کنگرہ روڈ پر کوسٹر کی ٹکر سے 62سالہ خاتون ہلاک ہوگئی ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ بس کے انتظار میں خورشید بی بی سڑک کنارے کھڑی تھی جوکہ ایک جانب سے آنے والی ایک تیزر فتار کوسٹر ڈرائیور کی غفلت ولاپرواہی کی وجہ سے اسے ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگئی جسے رےسکےو1122کی مےڈےکل ٹ؁م نے ہسپتال پہنچاےا مگروہ زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ گئی ۔ حادثہ کے بعد ملزم ڈرائیور موقعہ سے فرارہوگیا جبکہ پولیس نے متوفیہ کی نعش کو قبضہ میں لے کر کاروائی شروع کردی ہے ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ: سول جج سیالکوٹ محمد سلیمان گھمن نے تھانہ صدر سیالکوٹ کے ناجائز اسلحہ کے ملزم نثار احمد کو جرم ثابت ہو جانے پر ایک سال قید بامشقت اور پانچ سو روپے جرمانہ کی سزا کا حکم دیا ہے۔ عدم ادائیگی جرمانہ پر مجرم کو مزید ایک ماہ قید بھگتنا ہو گی۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ: اگوکی پولیس کی چوکی عدالت گڑھا کے انچارج سب انسپکٹر محمد رشید نے عدالت گڑھا سے منشیات فروش محمد ریاض عرف سیکرٹری کو ایک کلو چرس سمیت گرفتار کر لیا۔ صدر سیالکوٹ پولیس نے ستوالی میں چھاپہ مار کر محمد اسلم سے چار لیٹر شراب اور شراب کی چالو بھٹی، سٹی پسرور پولیس نے اسد طارق سے تین درجن شراب کی بوتلیں، رنگپورہ پولیس نے شیخ تالاب مولا بخش سے مجاہد سے 50گرام چرس، تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے گلوٹیاں خورد سے امجد سے پستول، ریاض سے پستول، ستراہ پولیس نے موضع کوریکے سے محمد ارشد سے پمپ ایکشن بندوق، عاصم سے رائفل، صدر سیالکوٹ پولیس نے ملزم ڈکیتی ناصر مسیح کی نشاندھی پر پستول، سول لائن پولیس نے سلور سٹار چوک سے طارق سے 90گرام چرس، کینٹ پولیس نے بھیڈ پلی سے سلیم خان سے 150گرام چرس برآمد کر کے مقدمات درج کر لئے۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ: بوگس چیک دینے پر تین ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کوتوالی کے پولیس نے قلب حسن جعفری کو سات لاکھ روپے کا بوگس چیک دینے پر محمد اقبال کے خلاف جبکہ علاوہ ازیں سٹی ڈسکہ پولیس نے شمشاد احمد کی درخواست پر حاجی نور محمد کے خلاف اور طاہر گورائیہ کی رپورٹ پر ذکاء اللہ کے خلاف مقدمات درج کئے ہیں۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ: ڈسکہ پولیس نے ہزاروں روپے کی جعلی کرنسی سمیت محمد اقبال کو گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا کہ محمد اقبال جعلی نوٹ دیکر سودا خریدنے ایک دوکان پر گیا۔ نوٹ جعلی ہونے کے شک پر دوکاندار نے پولیس کو اطلاع دی جس پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر ملزم محمد اقبال کو گرفتار کر کے اس کے قبضہ سے 21سو روپے کے جعلی نوٹ قبضہ میں لے کر ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ: منڈیکی گورائیہ میں لین دین کے جھگڑے پر چار ملزمان نے ڈنڈوں سے مار مار کر شہری کو زخمی کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر ڈسکہ کے علاقہ منڈیکی گورائیہ میں رقم کے لین دین کے تنازعہ پر عدنان وغیرہ چار ملزموں نے لاٹھیوں اور ڈنڈوں کے وار کر کے فہیم انجم کو شدید مضروب کر دیا۔ پولیس نے زخمی کو ہسپتال میں داخل کروا کر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج سیالکوٹ سید حامد حسین نے تھانہ مراد پور کے مقدمہ قتل میں ملوث ملزم نوید احمد کو مقتول کے ورثاء کے ساتھ راضی نامہ ہوجانے پر بری کر دیا ہے۔ استغاثہ کے مطابق تھانہ مراد پور کے علاقہ کیمپ پکا گڑھا میں دوستانے سینے کے دوران 17سالہ محمد عرفان اور نوید احمد میں جھگڑے ہو گیا جس پر نوید احمد نے ہاتھ میں پکڑی ہوئی قینچی محمد عرفان کے پیٹ میں گھونپ دی تھی جس کے نتیجہ میں وہ بعد ازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا تھا۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ: سول جج سیالکوٹ محمد شعیب عدیل نے تھانہ کوتوالی کے ملزم منشیات جہانگیر کو 16یوم قیدبامشقت، ملزم عمران کو 24یوم قید بامشقت، ملزم ناجائز اسلحہ شہباز کو ایک ماہ اور چار یوم قید بامشقت جبکہ تھانہ کینٹ کے ملزم منشیات کو 21یوم قید بامشقت کی سزا ؤں کو حکم دیا ہے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ: سٹی سرکل میں چوری کے دا وارداتوں میں دو موٹر سائیکلیں لے کر ملزم فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کوتوالی کے محلہ مجید پورہ میں بنک ملازم عبدالغفور اپنے دوست احسن خان کو ملنے آیا اور اپنی موٹر سائیکل نمبری STP-6155 گھر کے باہر کھڑی کر اندر چلا گیا اور جب وہ واپس جانے لگا تو اسکی موٹر سائیکل وہاں سے غائب تھی ۔ تھانہ کینٹ کے علاقہ کی معروف سیر گاہ کمپنی باغ میں آئے ہوئے اظہر عباس کی موٹر سائیکل نمبری STL-8482 گیٹ کے باہر سے چور چوری کر کے لے گئے۔ پولیس نے مقدمات درج کر لئے ہیں۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ: قائد اعظم روڈ کینٹ میں کار نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار کر ضعیف العمر شخص کو شدید زخمی کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ محمد ندیم شیخ اپنے سسر اکرم بٹ کو لے کر صدر بازار دوائی لینے آیا۔ واپسی پر قائد اعظم روڈ پر ایک کار جسے خاتون چلا رہی تھی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ پر اکرم بٹ شدید زخمی ہو گیا۔ زخمی اکرم بٹ کو تشویشناک حالت میں لاہور ریفر کر دیا گیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ (بےورورپورٹ)