Saturday, November 8, 2008


سیالکوٹ:معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری آل پاکستان وکلاء کنونشن سے خطاب کیلئے (آج)8نومبر بروز ہفتہ سہ پہر چار بجے سیالکوٹ آئیں گے جہاں وہ ضلع کچہری میں آل پاکستان وکلاء کنونشن سے خطاب کرےں گے جس کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں اور اس پروگرام کے سلسلہ میں ضلع کچہری کے علاقہ کو ہفتہ کے روز سیل کردیا جائے گاتاہم معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کا خطاب سننے کی اجازت ہر شہری کو ہوگی اور ملک بھر سے ہزاروں وکلاء بھی معزول چیف جسٹس افتخار محمدچودھری کا خطاب سننے کیلئے آل پاکستان وکلاء کنونشن میںآئیں گے جن کا بھرپور وتاریخی استقبال کیا جائے گا ۔ اس امر کا اظہار صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ارشد محمو دبگو ایڈووکیٹ ، سیکٹری بار رانا امجد علی ایڈووکیٹ نے بار میں ایک پریس کانفر نس سے خطاب کے دوران کیا ۔ فنانس سیکرٹری بار محمد عرفان بھٹی ایڈووکیٹ ، سابق صدر بار جاوید اقبال مغل ، محمد حسین سندھو ایڈووکیٹ ، راؤ محمد جلیل ایڈووکیٹ ، کاشف ہرڑ ایڈووکیٹ اور دیگر وکلاء بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ ارشد محمو دبگو ایڈووکیٹ نے کہا کہ معزول چیف جسٹس افتخار محمدچودھری اپنے خطاب کے دوران اہم انکشافات بھی کریں گے تاہم معزول چیف جسٹس پاکستان کے وقار اور آئنی حلف کا احترام کرتے ہوئے خطاب کریں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ معزول چیف جسٹس ہر صورت میں بحال ہونگے اور ان کی بحالی کی راہ میں حائل رکاؤٹیں جلد ہی دور ہوجائیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتوں کی طرح پیپلزپارٹی بھی وکلاء تحریک کے ساتھ ہے تاہم صدر آصف زرداری عدلیہ بحالی میں اکیلے رکاؤٹ ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ وکلاء شہید بے نظیر اور پیپلزپارٹی کا احترام کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وکلاء متحد ہیں اور کوئی گروپنگ نہیں ہے ۔ انہوں نے میڈیا کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے معزول ججوں کی بحالی اور عدلیہ کی آزادی کیلئے وکلاء تحریک میں ناقابل فراموش کردار ادا کیا ۔ صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن ارشد محمو دبگو ایڈووکیٹ نے کہا کہ معزول چیف جسٹس پروگرام کے مطابق ہفتہ کے روز نو بجے اسلام آباد میں اپنے گھر سے کار پرسیالکوٹ کیلئے روانہ ہونگے اور بعدازاں راستہ میں آنے والی تمام بار ایسوسی ایشنیں ان کا استقبال کریں گی تاہم معزول چیف جسٹس افتخار محمدچودھری نیشنل کوآرڈنیشن کونسل کے اجلاس میںطے ہونے والے فیصلہ کے مطابق آل پاکستان وکلاء کنونشن سے خطاب کیلئے گوجرانوالہ سے سیالکوٹ براستہ ڈسکہ آئیں گے ۔ انہوں نے پروگرام کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری کا ڈسکہ میں وکلاء استقبال کریں گے اور یہ دوبرجی ملیاں چوک میں سیالکوٹ کے موقعہ پر پہنچیں گے جہاں سے ڈیفنس روڈ سے سبلائم چوک اور بعدازاں کشمیر روڈ سے لاری اڈا اور اس کے بعد ضلع کچہری آئیں گے ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ سیکورٹی کے سخت انتظامات ہونگے اور یہاںمعزول چیف جسٹس افتخار محمدچودھری کے علاوہ ملک بھر سے آنے والے وکلاء تحریک کے قائدین بھی خطاب کریں گے۔انہوں نے بتایا کہ کنونشن میں تمام سیاسی ومذہبی اور کاروباری جماعتوں کے علاوہ پیپلزپارٹی کے وکلاء اور عہدیداروں کو بھی شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔جبکہ جرنیٹر اور لائٹنگ کا بندوبست بھی کیا گیا ہے ۔ ارشدمحمو دبگو ایڈووکیٹ نے کہا کہ معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سیالکوٹ میں کسی وکیل کے گھر کی بجائے ہوٹل میں قیام کریںگے جس کا انتظام کردیا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ وکلاء کنونشن کیلئے دس کمیٹیاں بنائی گئیںتھیں جنہوں نے ذمہ داری پوری کرتے ہوئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں ۔ (بےورورپورٹ)