
سیالکوٹ:وفاقی حکومت نے سیالکوٹ میں وفاقی وزرات ترقی خواتین وسماجی بہبود کے تحت چلنے والے ادارہ ویمن کرائسس سینٹر کا نام تبدیل کرکے بے نظیر بھٹو شہید ویمن سینٹر رکھ دیا ہے اور اس سلسلہ میں باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے ۔ اس امر کا اظہار سینٹر کے ایک اجلاس کے دوران کیا گیا جس میںسینٹر کی چیئرپرسن ڈاکٹر نسیم شکیل ، ڈسٹرکٹ سوشل آفیسر محمد نواز خان اور این جی او ز مینجمنٹ کمیٹی کے ممبران فرح اعظمی ، وقار النساء ، تنویر مغل ، عبدالشکور مرزا ، ارشد بریار اوردیگر نے بھی شرکت کی ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ خواتین کے مسائل اور ان سے زیادتیوں کے ازالہ کیلئے مفت قانونی ودیگر امداد کی فراہمی کیلئے وفاقی حکومت کے تحت چلنے والے اس ادارہ کے تحت اب تک دو سو سے زائد مستحق ، مظلوم اور غریب خواتین کومفت قانونی ودیگر نوعیت کی امداد دے کر ان کے مسائل حل کئے گئے ہیں ۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ بے نظیر بھٹو شہید ویمن سینٹر میں خواتین پرتشدد کے خلاف اور اسے ہونے والی زیادتیوں کے ازالہ کیلئے سینٹر کام کررہا ہے اور اس سینٹر کا جلد ہی باقاعدہ طور پر افتتاح کردیا جائے گا ۔اجلاس میں بتایا گیا کہ سینٹر کے تحت ضلع سیالکوٹ کے تمام تھانوں کو خطوط بھجوائے جاچکے ہیںتاکہ کسی غریب ، مستحق اور مظلوم خاتون کو اس کے ساتھ ہونے والے ظلم وزیادتی پر مفت قانونی ودیگر امداد فراہم کی جاسکے ۔(بےورورپورٹ)
