سیالکوٹ :سیالکوٹ پولیس نے تھانہ رنگ پورہ کے علاقہ سے دو روز قبل لاکھوں روپے تاوان کی خاطر اغوا کئے جانے والے شہری کے پانچ سالہ بیٹے کو ڈرامائی انداز میں کاروائی کرکے زندہ بازیاب کروالیا ہے اور دو اغواکاروں کو گرفتار کرکے وصول کی جانے والی تاوان کی رقم اور ناجائز اسلحہ برآمد کرلیا ہے ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرسیالکوٹ کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ملزم شاہد اور سلیم نے باہمی ساز باز سے محلہ پورہ ہیراں کے رہائشی محمد ندیم کے پانچ سالہ بیٹے عثمان ندیم کودوروز قبل نیندوالی گولیاں کھلا کر اغوا کرلیااور اسے لے کر گوجرانوالہ کے علاقہ میں فرار ہوگئے جہاں ملزم سلیم جو کچھ عرصہ قبل ہی قتل کے مقدمہ میں ڈسٹرکٹ جیل سے رہا ہوا تھا نے ٹیلی فون پر مغوی کی رہائی کے بدلے پچاس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیااور رقم نہ دینے کی صورت میں معصوم بچے کو قتل کرنے کی دھمکی دی تاہم مغوی بچے کی رہائی کیلئے پولیس نے ورثاء سے مل کر پلاننگ تیار کر کے تاوان کی رقم 75 ہزار پر ملزموں کو راضی کر لےا اور تاوان کی رقم گوجرانوالہ کے علاقہ چھچروالی پل میںملزموں کو دے کر مغوی بچے عثمان ندیم کو بازیاب کروالیا تاہم بعدازاں پولیس نے کاروائی کرکے دونوں ملزم شاہد اور سلیم کو گرفتار کرکے ناجائز اسلحہ اور تاوان کی صورت میںا د اکی گئی رقم بھی برآمد کرلی ۔ ڈی پی او کا کہنا ہے کہ ملزموںکے دیگر ساتھیوں کی گرفتاریوں کیلئے پولیس کی مختلف ٹیمیں تشکیل دیدی ہیں جوچھاپے ماررہی ہے اورگروہ کے تمام ارکان جلد ہی گرفتار ہوجائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزموں میں سے ایک ملزم شاہد مغوی بچے کا ہمسایہ ہے اور کرائے کے مکان میںمقیم تھا ۔ پریس کانفرنس کے دوران بازیاب کروائے گئے مغوی بچے عثمان ندیم کے والد محمد ندیم نے بتایا کہ اس کے اکلوتے بیٹے کے اغوا کی وجہ سے والدہ اور بیوی سخت پریشان تھیں اور انہیںغشی کے دورے پڑے رہے ہیں اور اسی وجہ سے وہ ملزموں کو کبھی معاف نہیں کرے گااور انہیں سخت سے سخت سزا دلوانے کیلئے مقدمہ لڑے گا ۔قبل ازیں گرفتار ملزموں کو صحافیوں کے سامنے پیش کیا گیا جنہوں نے اعتراف جرم کیا ۔دریں اثناء ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) محمد امین وینس کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ ملزم کرائے کے مکانوں میں رہائش اختیار کرلیتے ہیں اور جرم کرنے کے بعد مکان بدل لیتے ہیں اس لئے شہری بھی اپنے ارد گرد کے ماحول اور جرائم پیشہ عناصر پر کڑی نظر رکھیں تاکہ معاشرے کو مکمل طور پر امن کا گہوارہ بنایا جاسکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں اہم مقامات اور بازاروں میں کلوز سرکٹ کیمروں کی تنصیب کے پروگرام پر عمل کیا جارہا ہے اور جلد ہی پورے سیالکوٹ کو ایک چھت کے نیچے سینٹرل کنٹرول روم میں دیکھا جاسکے گا اور 24گھنٹے مانیٹرنگ سے جرائم پر قابو پانے اور جرائم پیشہ عناصر کی فوری گرفتار ی میںمدد ملے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ کلوز سرکٹ کیمروں کی تنصیب کے پروگرام کیلئے20رکنی کمیٹی تشکیل دی جائے گی ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :پسرور روڈ پر زیر تعمیر فیکٹری کے سیکورٹی گارڈ کو نامعلوم ملزموں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ55سالہ مقتول محمد صدیق تھانہ بڈیانہ کے موضع ڈھینگراوالی کا رہائشی تھااور زیر تعمیر فیکٹری میں سیکورٹی گارڈ کے طور پر تعینات تھا لیکن اسے نامعلوم ملزموں نے گولیاں مار مارکر ہلاک کردیااور اس کی نعش کو قریبی کھیتوں میں پھینک دی اور فرار ہوگئے تاہم مقتول کی نعش کو مقامی سول ہسپتال سے پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کردیا گیا ہے اور ملزموں کی تلاش جاری ہے ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :تھانہ اگوکی کے موضع عدالت گڑھا میں عشق میں ناکامی پر نوجوان نے محبوبہ کے چہرے کر تیزاب پھینک دیا جسے تشویشناک حالت میں گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ہسپتال داخل کروادیا گیا ہے ۔ ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ 18سالہ رابعہ بصری کی حالت کافی خراب ہے کیونکہ تیزاب سے اس کا سارا چہرہ جھلس گیا ہے ۔ عدالت گڑھا کے محلہ اسلام پورہ کے رہائشیوں کا کہنا ہے کہ ملزم عمران کافی عرصہ سے رابعہ بصری سے محبت کرتا تھااور اسے کچھ عرصہ قبل اغوا کرکے بھی گھر سے لے گیا تھااور چند روز قبل ہی وہ واپس گھر آئی اور اب عمران نے رشتہ نہ ملنے پر رابعہ بصری کے چہرے پر تیزاب پھینک دیا اور فرار ہوگیا ۔ پولیس مصروف کاروائی ہے تاہم ملزم کی گرفتاری عمل میںنہ لائی جاسکی ہے ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :تھانہ رنگ پورہ کے علاقہ خان محل سنیما کے قریب موبائل کمپنی کے ٹاور میں آگ لگ جانے سے لاکھوں روپے مالیت کا جرنیٹر جل کر راکھ ہوگیا ۔ ریسکیوزرائع کا کہنا ہے کہ آگ شارٹ سرکٹ کی وجہ سے لگی جس نے جرنیٹر کو اپنی لپیٹ میں لے لیا تاہم مقامی لوگوں کی اطلاع پر فوری کاروائی کرکے موقعہ پر پہنچ کر آگ پر بڑی مشکل سے قابو پایا گیااور موبائل کمپنی کے ٹاور کو تباہ ہونے سے بچالیا گیا ۔ مقامی محلہ داروں کا کہنا ہے کہ جس وقت آگ لگی اس وقت کمپنی کا کوئی اہلکار موقعہ پر موجود نہ تھا ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :شہر سے 21کلومیٹر دور ہیڈمرالہ کے تفریحی مقام کے قریب دریائے چناب کے کنارے سے نامعلوم عورت کی نعش برآمد کرکے پولیسقبضہ میں لے لی ہے اور کاروائی شروع کردی ہے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ہیڈمرالہ کی سیر کوآئے لوگوں نے دریائے چناب کے کنارے جھاڑیوں میں ایک نامعلوم عورت کی نعش دیکھ کر شور مچایا جس کے بعد پولیس موقعہ پر پہنچ گئی اور خاتون کی نعش کو قبضہ میںلے لیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون کی شناخت نہ ہوسکی ہے تاہم اس کے کپڑوںاور ماتھے پر نشان سے معلوم ہوتا ہے کہ یہ کوئی ہندخاتون ہے ۔ قبل ازیں نعش دیکھ کر تفریح کیلئے آئے لوگوں کی بڑی تعدا دجمع ہوگئی ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :چار سال قبل تھانہ رنگ پورہ کے علاقہ راجہ روڈ پر واقعہ مسجد زینبیہ میںخود کش بم دھماکہ کے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے 28نمازیوں کی چوتھی برسی کی تقریب مسجد زینبیہ میں منعقد ہوئی جس میں خطیب مولانا فیض علی کرپالوی اور علامہ محمد حسین جلوی سمیت اہل تشیع کے علماء اور ذاکرین کے علاوہ لوگوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی ۔ برسی کی تقریب میں واقعہ پرگہرے افسوس کا اظہار کیا گیااور ہلاک ہونے والوں کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ۔ قبل ازیں خطاب کرتے ہوئے مقررین نے حضرت امام حسین علیہ اسلام کی زندگی کے حالات بیان کئے ۔ واضح رہے کہ چار سال قبل یکم اکتوبر2004ء کو نما زجمعہ کی ادائیگی کے وقت نامعلوم خود کش حملہ آور نے مسجد میں بریف کیس بم دھماکہ کیا جس میں 28مسافر جاں بحق جبکہ 45سے زائد نمازی شدید زخمی ہوئے تاہم اس واقعہ میں پولیس نے ملوث ہونے پر تین ملزمان خواجہ ابراھیم ، جاوید جبار اور محمد عامر کو گرفتار کیا جو بعدازاں انسداد دہشت گردی کی عدالت سے دوران سماعت الزامات ثابت نہ ہونے کی وجہ سے رہا ہوگئے لیکن مقدمہ کے دو ملزمان مفتی الطاف اور بلال قادری تاحال مفرور ہیں جنہیں چار سال کا عرصہ گزر جانے بھی گرفتار نہ کیا جاسکا ہے ۔مسجد زینبیہ میںسانحہ میں ہلاک ہونے والوں کی یاد میں منعقد ہونے والی چوتھی سالانہ برسی میں جاں بحق ہونےو الوں کے ورثاء کی کثیرتعداد نے بھی شرکت کی ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :انجمن طلبہ اسلام نے گورنمنٹ جناح اسلامیہ کالج کے ہال میںنعت خوانی کے پروگرام کی اجازت نہ دینے پر کالج کے پرنسپل پروفیسر امتیاز خالد کے فوری تبادلہ اور محکمانہ کاروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے درخواست صوبائی سیکرٹری تعلیم پنجاب کو بھجوادی ہے اور کالج پرنسپل کے خلاف کاروائی نہ ہونے کی صورت میں سخت احتجاج کرنے کا اعلان کیا ہے ۔ انجمن طلبہ اسلام کے راہنماؤں فیصل کاہلوں ، شہزاد دریائی اور ذیشان شاہ نے دیگر راہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران الزام لگایا کہ کالج کے خواجہ حاکم دین ہال میں انجمن طلبہ اسلام کالج میںزیر تعلیم طلبہ کوعشق مصطفی کی طرف راغب کرنے کیلئے نعت خوانی کا پروگرام کرناچاہتی ہے لیکن پرنسپل کالج پروفیسر امتیاز خالد نے نعت خوانی کیلئے اجازت دینے سے انکار کیااور انہیں بے عزت کیا ہے ۔ ان راہنماؤں کا کہنا ہے کہ کالج کا نام بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کے نام سے منسوب ہے اور اسلامی ملک ہونے کی وجہ سے یہاں مسلمانوں کو آزادی کے ساتھ زندگی بسر کرنے کا پورا حق ہے اور پاکستان کا آئین بھی اس بات کا ضامن ہے لیکن پرنسپل نے غلط اقدام کیا ہے ۔ قبل ازیں طلبہ نے پرنسپل کے خلاف سخت احتجاج کیااور ان کے فوری تبادلہ کا مطالبہ کیا ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :پاکستان میںامریکی جارحیت کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ نے سمبڑیال میں گورنمنٹ اسلامیہ کالج سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی جس میں اڑھائی سو سے زائد طلبہ اور شہری شریک ہوئے ۔ شرکاء ریلی نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر امریکہ کے خلاف مختلف نعرے درج تھے جبکہ متعددبینروں پر امریکی حملوں کی شدید مذمت بھی کی گئی تھی ۔ اسلامی جمعیت طلبہ کے زیر اہتمام نکالی گئی اس ریلی کی قیادت اسلامی جمعیت طلبہ کے ڈویثرنل ناظم مبشر احمد اور تحصیل ناظم فرخ اعجاز گھمن نے کی ۔ریلی کی وجہ سے ٹریفک کے بہاؤ میں رکاؤٹ بھی پیدا ہوئی ۔ پریس کلب کے باہر امریکی کے خلاف نعرے بازی اور احتجاج کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔ قبل ازیں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے امریکی حملوں کو پاکستان پر حملے قراردیااور کہا کہ امریکہ جان بوجھ کر پاکستان میںدہشت گردی کررہا ہے اور امریکی حملے دنیا کی سب سے بڑی دہشت گردی ہیںاور یہ پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت ہے ۔ مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان دہشت گردی سے خود بہتر طریقے سے نپٹ سکتا ہے لیکن حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے امریکہ پاکستان میں حملے کرکے بے گناہ اور نہتے پاکستانیوں کو ہلاک وزخمی کررہا ہے ۔مقررین نے اصلاح واحوال اور ٹھوس وسخت موقف اپنانے کی اپیل بھی کی ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :ڈپٹی سپریٹنڈنٹ آف پولیس صدر سرکل سیالکوٹ محمد اکرام خان نے سرکل کے سات تھانوں اگوکی ، مراد پور ، کوٹلی لوہاراں ، ہیڈمرالہ ، کوٹلی سید امیر ، صدر اور پھوکلیان کے ایس ایچ او ز اور تفتےشی افسران کو احکامات جاری کئے ہیں کہ وہ مقدمات کی تفتیش بغیر کسی خوف اور لالچ کے میرٹ پر کریں اور مقدمات کے چالان مکمل کرکے متعلقہ عدالتوں میں جمع کروائیں تاکہ بروقت اور فوری سماعت شروع کر سائلین کو انصاف تیزی سے مل سکے اور ملزموں کو ان کے جرم کی سزا مل سکے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں سرکل کے تمام تھانوں کے ایس ایچ او زسے ایک میٹنگ کے دوران کیا ۔ ڈی ایس پی نے کہا کہ رواں سال کے ابتدائی نو ماہ کے دوران سرکل کے تمام تھانوں میں مجموعی طور پر دو ہزار ایک سو دو مقدمات درج ہوئے جن میں سے ایک ہزار چھ سو ترانوے مقدمات کے چالان مکمل کرکے عدالتوں میں بھجوائے جاچکے ہیں تاہم 95مقدمات تفتیش کے بعد خارج ہوئے جبکہ 44مقدمات کے چالان نامکمل ہیں لیکن 198مقدمات ابھی زیر تفتیش ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 72مقدمات کے ملزمان کا ابھی کوئی سراغ نہ مل سکا ہے اس لئے ضروری ہے کہ تھانوں کے ایس ایچ او اور تفتیشی افسران ایمانداری اور دیانت داری سے مقدمات کی تفتیش کریں اور ملزمان کو گرفتار کرکے چالان مکمل کرکے عدالتوں میں بھجوائیں تاکہ فوری سماعت شروع ہواور زیادہ تیزی سے سزائیں عدالتیں سناسکیں اور سائلیں کو انصاف ملے ۔ڈی ایس پی محمد اکرام خان کا کہنا تھا کہ9ماہ کے دوران سب سے زیادہ 572مقدمات تھانہ اگوکی میںد رج ہوئے تاہم سب سے کم 26مقدمات تھانہ پھوکلیان میںد ررج ہوئے تاہم تھانہ صدر سیالکوٹ میں 412مقدمات ، تھانہ مراد پور میں 461مقدمات ، تھانہ کوٹلی لوہاراں میں 214مقدمات ، تھانہ کوٹلی سید امیر میں 169مقدمات اور تھانہ ہیڈمرالہ میں 167مقدمات درج ہوئے ۔ڈی ایس پی نے تھانہ مراد پور میں سب سے زیادہ 94زیر تفتیش مقدمات اور28عدم پتہ مقدمات پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور فوری مقدمات کی تفتیش مکمل کرکے چالان عدالتوں میںبھجوانے کی ہدایت کی ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر وسابق رکن پنجاب اسمبلی ملک طاہر اختر اعوان کی دعوت ولیمہ گزشتہ روز گلیکسی ہوٹل میں ہوئی جس میں صوبائی وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ ، صوبائی وزیر محنت وانسانی وسائل اشرف سوہنا سمیت پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں کی کثیرتعداد نے شرکت کی ۔ (بےورورپورٹ)
تازہ فضائی حملوں میں دولتِ اسلامیہ کے 14 جنگجو ہلاک
-
امریکہ کی سربراہی میں اتحادی ممالک نے شام میں تازہ فضائی کارروائی کے دوران
دولت اسلامیہ کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں تیل کے کارخانوں کو نشانہ بنایا ہے جس
میں ...
11 years ago
