
سیالکوٹ :مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی انجینئر عمران اشرف نے کہا ہے کہ عدلیہ کی آزادی کے بغیر ملکی ترقی وخوشحالی کاخوب پورا نہیں ہوسکتا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ (ن) اور میاں نواز شریف کا عدلیہ بحالی بارے موقف واضح ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے وکلاء سے اظہار یکجہتی کیلئے لاہور کی ریلی میں شرکت کیلئے سیالکوٹ سے روانگی کے موقعہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ رکن پنجاب اسمبلی انجےنئر عمران اشرف نے کہا کہ3نومبر2007ء کے غلط اقدام کو کبھی تسلیم نہیں کیاجائے گا ۔ انہوں نے کہاکہ جب تک معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت تمام معزول جج بحال نہیں ہوجاتے اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے بلکہ میاں نواز شریف کی قیادت میں عدلیہ بحالی کی جدوجہد جاری رہے گی اور اس سلسلہ میں کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عدلیہ کی آزادی بارے کسی مصلحت کا شکار نہیںہونگے ۔ انہوں نے معزول ججوں کو فوری طور پر بحال کرنے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ معزول ججوں کو غلط طریقے سے ہٹانے والوں کے خلاف کاروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی آمر کو آئین اور قانون کے ساتھ کھیلنے کی جرات نہ ہوسکے ۔(بےورورپورٹ)
