Monday, November 3, 2008


سیالکوٹ :پنجاب کے صوبائی وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ نے کہا ہے کہ شہید بے نظیر بھٹو کا مشن پورا کیا جائے گا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کارکنوں کے حقوق کا تحفظ کیا جارہا ہے اور ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ میں پیپلزپارٹی کے ضلعی صدروسابق رکن پنجاب اسمبلی ملک طاہر اختر اعوان کی دعوت ولیمہ کے موقعہ پر بات چیت کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا پنجاب میںمسلم لیگ (ن) کے ساتھ اتحاد وسیع تر قومی مفاد میں ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی ملک گیرعوامی جماعت ہے اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے موثر حکمت عملی کے تحت اقدامات کئے جارہے ہیں اور حکومت کی کوشش ہے کہ عوام کے سارے مسائل حل کئے جائیں لیکن ماضی میں جن پالیسیوں پر عمل کیا گیا ان کی وجہ سے مسائل میں اضافہ ہوا ہے اور سارے مسائل چند دن میں ختم نہیں ہوسکتے لیکن چونکہ حکومت کی نیت صاف ہے اس لئے انشاء اللہ ملک وقوم جلد ہی تمام بحرانوں سے باہر نکل آئے گی ۔ صوبائی وزیر تنویر اشرف کائرہ نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے کارکن عوام کے مسائل کے حل کیلئے جدوجہد جاری رکھیں ۔انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی اور بے روزگاری کے خاتمہ کیلئے بھرپور جدوجہد کی جارہی ہے تاہم اس کی ذمہ دار سابق حکومت ہے ۔ (بےورورپورٹ)