Thursday, November 6, 2008


سیالکوٹ:سیالکوٹ پولیس نے گزشتہ ماہ اکتوبر کے دوران ضلع بھر میں ڈاکوؤں اور چوروں کی گرفتاریوں کیلئے کاروائی کے دوران 16خطرناک گروہوں کے 65ارکان کو گرفتار کرکے دوران تفتیش ملزموں کے قبضہ سے ڈکیتی ، راہزنی اور چوری کی54وارداتوں میں لوٹے جانے والے 61لاکھ66ہزار200روپے مالیت کا مسروقہ مال جس میں نقدی ، موبائل فون ، الیکٹرانکس سامان ، موٹر سائیکلیں ، کاریں ، مویشی اور دیگر سامان شامل ہے برآمد کیا ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے ایک پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف چار لاکھ روپے سر کی قیمت والے انتہائی خطرناک اشتہاری مجرم مشتاق عرف پپو کو بھی گرفتار کیا جس کے خلاف ڈکیتی اورراہزنی کے درجنوں مقدمات درج ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ایک ماہ کے دوران ضلعی پولیس نے 154اشتہاری مجرموں اور150عدالتی مفروربھی گرفتار کئے جبکہ 168دیگر ملزما ن بھی گرفتار کئے گئے اور انہیں شامل تفتیش کیا گیا ۔ ڈی پی او نے بتایا کہ ناجائز اسلحہ مہم کے دوران پولیس نے مختلف مقامات سے سینکڑوں ملزموں کو گرفتار کرکے دو کلاشنکوفیں ، دو رائفلیں ، 12بندوقیں ،23ریوالور ، 187پستول ، تین کاربین ، تین خنجر اور ایک ہزار سے زائد گولیاں جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران ضلع بھر کی پولیس نے مختلف مقامات سے بھی سینکڑوں ملزموں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے مجموعی طور پر سات کلو گرام سے زائد ہیروئن ، 19کلو گرام چرس ، 370بوتل شراب ، چالو شراب کی پانچ بھٹیاں بھی برآمد کیں اور 16شرابی بھی گرفتار کئے ۔ (بےورورپورٹ)