Sunday, November 9, 2008

سیالکوٹ:شہر کے علاقہ بازار کھٹیکاں میں ہفتہ کی اعلی صبح نامعلوم موٹر سائیکل سوار اندھاد ھندفائرنگ کرکے ناظم تبلیغ اہل سنت قاری محمد نعیم رضا کو قتل کرکے فرار ہوگئے جوکہ واقعہ کے خلاف انجمن تاجراں بازار کھٹیکاں نے احتجاج دوکانیںبند کرکے احتجاج کیا اور ملزموں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایس ایچ او سب انسپکٹر محمد فیاض چیمہ کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار نامعلوم ملزموںکا کوئی سراغ نہ مل سکا ہے تاہم پولیس نے مقتول قاری نعیم رضا کے بھائی زعیم خان کی درخواست پر نامعلوم موٹر سائیکل سوار دو ملزموںکے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے ۔ مقتول کے بھائی زعیم خان کا کہنا ہے کہ وہ اور اس کا بھائی نسیم رضا وفیصل رضا واقعہ کے عینی شاہدین ہیں کیونکہ وقوعہ کے وقت وہ نماز فجر کی ادائیگی کیلئے ساڑھے پانچ بجے اعلی صبح مسجد اہل سنت کھاراکنواں بازار کھٹیکاں جارہے تھے کہ مسجد کے دروازے پر اچانک ایک موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزموں نے اندھادھند فائرنگ کرکے اس کے بھائی قاری محمد نعیم جو مسجد کے امام بھی تھے کو شدید زخمی کردیااور فرار ہوگئے ۔ زخمی قاری محمدنعیم رضا کو فوری طور پر ہسپتال لایاگیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاکردم توڑ گئے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ موترہ پولیس نے کوٹ گھمن سے قتل کے مقدمہ میں مطلوب ملزم سخی محمد کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے ۔ اے ایس پی ڈسکہ وحید الرحمان خٹک کا کہنا ہے کہ ملزم سخی محمد نے چند ہفتے قبل شہری کو قتل کیا تھا جسے پولیس نے سراغ لگا کر گرفتار کرلیااور دوران تفتیش ملزم کی نشاندہی پر کوٹ گھمن میں زمین میں چھپائی ہوئی ایک چھری بھی برآمد کرلی جوکہ قتل کے واقعہ میں استعمال کی گئی تھی ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:ریجنل پولیس آفیسر گوجرانوالہ ذوالفقار چیمہ کی ہدایات کی روشنی میں منشیات فروشوںوشراب فروشوں کے خلاف کاروائی کے دوران سیالکوٹ پولیس نے ضلع بھر میںمختلف مقامات پر چھاپے مار کر ایک خاتون سمیت پانچ منشیات فروشوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے بھاری مقدار میں ہیروئن اور چرس کے علاوہ شراب کی بوتلیں برآمد کرلی ہیں ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) محمد امین وینس کا کہنا ہے کہ سٹی ڈسکہ پولیس نے منشیات فروش خاتون رفعت بی بی کے قبضہ سے ایک کلو گرام سے زائد اعلی کوالٹی کی ہیروئن ، تھانہ سمبڑیال پولیس نے فضل پورہ محلہ سے منشیات فروش سلیم کے قبضہ سے ایک کلو گرام سے زائد چرس ، کینال ویو ہوٹل کے قریب سے منشیات فروش عثمان کے قبضہ سے آدھا کلو گرام سے زائد چرس ، سمبڑیال بس اسٹینڈ سے ملزم محمد عارف کے قبضہ سے آدھا کلو گرام سے زائد چرس ، تھانہ سٹی پسرور پولیس نے محلہ کھوکھراں سے شراب فروش اسد طارق کے گھر سے فروخت کیلئے رکھی ہوئی شراب کی19بوتلیں برآمد کرلیں اور ملزما ن کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلئے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ ضلع کو منشیات وشراب سے مکمل طور پر پاک کردیا جائے گااور منشیات شراب فروشوں کے خلاف کاروائی کیلئے پلان تیار کرلیا ہے جس پر عمل شروع کردیا گیا ہے اور اس پروگرام کے تحت تمام منشیات وشراب فروشوں کو گرفتار کیا جائے گا اور اس سلسلہ میں ضلع بھر کی پولیس کوہدایات جاری کردی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ عوام منشیات وشراب فروشوں کی نشاندہی کریں تاکہ معاشرے کو ان ناسوروں سے پاک کیا جاسکے ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ صدر پسرور کے موضع جھانس میں مقدمہ بازی کی عداوت پر پانچ ملزموںنے فائرنگ اور تشدد کرکے محنت کش ، اس کی بیوی اور پانچ بچوںکا شدید زخمی کردیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزم عبدالحمید ، نسیم مجید ، مبشربشیر اور دیگر نے باہم صلاح مشورہ ہوکر عبدالحمید کے گھر داخل ہونے کے بعد فائرنگ کرکے اس کی بیوی نسیم بی بی ، دو بیٹیوں آٹھ سالہ شمسہ ، پانچ سالہ رابیکہ اور بیٹے عبدالمجیب کو شدید زخمی کردیااور قتل کرنے کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے تاہم ان ملزموںنے عبدالحمید کو بھی تشدد کرکے شدید زخمی کیا۔ زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں داخل کروادیا گیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے ۔ پولیس کے مطابق ملزموںنے اس سے قبل عبدالحمید کے ڈیرہ پر انجن کو تیل چھڑک کر آگ لگائی اور مقدمہ درج کروانے کی عداوت پر ملزموںنے اب باہم صلاح مشورہ شہری اور اس کی بیوی بچوں کوزخمی کیا ہے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ بڈیانہ کے موضع بسرا ء میں سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری کی بیوی کو مکان کی تعمیر کے جھگڑے پر سات ملزموںنے گھر میں داخل ہوکر تشدد کرکے زخمی کرنے کے علاوہ کپڑے پھاڑ کر باپ اور بھائی کے سامنے برہنہ کردیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ خالدہ پروین کاشوہر محمد اختر روزگار کے سلسلہ میں سعودی عرب میںمقیم ہے جس کی عدم موجودگی میںا س کی خالد ہ پروین نے مکان کی تعمیر کام شروع کروایا تو ملزمان محمد افضل ، محمد عرفان اور دیگر اس کے گھر داخل ہوئے اور تشدد کرکے اسے شدید زخمی کردیا تاہم ملزموں نے اس کے والد محمد بوٹااور بھائی شاہد محمود کے سامنے خالدہ پروین کے کپڑے پھاڑ کر اسے برہنہ کردیااورسنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ زخمی خاتون کو مقامی ہسپتال میں داخل کروادیا گیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزموں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارنے شروع کردئیے ہیں تاحال کوئی ملزم گرفتار نہ ہوسکا ہے ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ بیگوالہ پولیس نے زمیندار رانا جنگ شیر کی درخواست پر اس کی کوپرہ کلاں میں لاکھوں روپے مالیت کی 358کنال اراضی پر ناجائز قبضہ کرنے کے الزام میںچھ ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق محمد نواز ، عمر دین ، محمد یاسین اور ان کے ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں تاہم ابھی کوئی گرفتاری عمل میںنہ لائی جاسکی ہے ۔ ایس ایچ او انسپکٹر سرورگوندل کا کہنا ہے کہ عدالت میں مقدمہ دائر ہے لیکن اس کے باوجود ملزموں نے اسلحہ کی نوک پر اراضی پر ناجائز قبضہ کیا ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ سٹی ڈسکہ پولیس نے سبزی منڈی میں آتش بازی کے سامان کی دوکان میںچھاپہ مار کر ایک ملزم کو گرفتار کرکے آتش بازی کا سامان برآمد کرلیا ہے ۔ سب انسپکٹر بشیر احمد کا کہنا ہے کہ ملزم اسدعباس کافی عرصہ سے بغیر لائسنس آتش بازی کاسامان فروخت کررہا تھا جسے شکایت پر کاروائی کرکے گرفتار کرلیاگیااور موقعہ سے دوکان کے اندر سے بھاری مقدارمیں آتش بازی کاسامان برآمد کرکے قبضہ میں لے لیا اور ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ پولیس ذرائع کے مطابق آتش بازی کا سامان کسی بڑے سانحہ کاباعث بن سکتا تھا اورا س پر حکومت نے پابندی بھی عائد کررکھی ہے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ سمبڑیال کے علاقہ جیٹھی کے سے چار ملزموں نے شہری کی بیٹی کو گھر سے زیورات اور نقدی سمیت اغوا کرلیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ محمد سرور کی بیٹی رفیہ بانو کو ارشد اور اس کے ساتھیوں نے گھر سے اس وقت اسلحہ کی نوک پر ایک کار میں بٹھا کر اغواکرلیااور فرار ہوگئے جب محمد سروراور اس کے اہل خانہ والدہ کے ختم شریف کیلئے سودا سلف لینے کیلئے بازار گئے ہوئے تھے تاہم عدم موجودگی میں ملزموں نے رافیہ بانو کو اغوا بھی کیااور گھر سے ہزاروں روپے کی نقدی اور زیورات بھی لوٹ لئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے تاہم مغویہ اور ملزموں کا کوئی سراغ نہ مل سکا ہے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ سبز پیر کے علاقہ میں ورکنگ باؤنڈری لائن کے قریب دفاعی بند سے نامعلوم ملزمان نے مسلح افواج کاملکیتی ہزاروں روپے مالیت کا سامان چوری کرلیا ۔ پولیس نے حساس ادارے کے حوالدار سلیمان کی درخواست پر نامعلوم ملزموں کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے ۔ ایس ایچ او انسپکٹر ذوالفقار چٹھہ کا کہنا ہے کہ ملزموںنے دفاعی بند کے قریب سے لاکھوں روپے مالیت کا سامان جس میں دروازے ، کھڑکیاں اور دیگر سامان ہے چوری کیااور تاہم ملزموںکی تلاش جاری ہے اور جلد ہی ملزموںکا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرلیا جائے گا ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ سبز پیر کے علاقہ سید نیال میں کرایہ پر گاڑی حاصل کرنے والوں نے اسلحہ کی نوک پر ڈرائیور کو کھیتوں میں رسیوؤں سے باندھ دینے کے بعد پک اپ اور نقدی وغیرہ چھےن لی ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ملزموںمیں سے ایک ملزم بشیر احمد کا سراغ مل گیا ہے جس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بھگوال اعوان کے رہائشی کاشف نے بتایا ہے کہ ملزموں نے کرایہ پر اسے حاصل کیااور جب وہ سبز پیر کے علاقہ میں آیا توملزم بشیر احمد اور اس کے ساتھیوں نے اسلحہ دیکھا کر اسے یرغمال بنالیااور جان سے ماردینے کی دھمکی دے کر نقدی اور موبائل فون کے علاوہ لاکھوں روپے مالیت کی پک اپ چھین لی اور اسے رسیوؤں سے باندھ کر کھیتوں میں بٹھا دیا جسے بعدازاں مقامی لوگوں نے کھولا ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ سبز پیر کے موضع پنڈی بھاگو میں راستہ نہ دینے پر چار ملزموں نے چھریوں کے وارکرکے محنت کش کو لہولہان کردیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزم محمد سرور ، مقصود اور ان کے ساتھیوں نے باہم صلاح مشورہ ہوکر چھریوں کے وارکرکے ڈیرہ پر بیٹھے ہوئے زاہد جمیل کے بھائی محمد بوٹا کو شدید زخمی کردیا اور موقعہ سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ زخمی کو مقامی ہسپتال میں داخل کروادیا گیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے تاحال کوئی ملزم گرفتار نہ ہوسکا ہے ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ بیگوالہ کے علاقہ کوپرہ خورد میں سکول سے واپس آنے والی بچیوں کو چھیڑنے سے منع کرنے پر محنت کش کے گھر آکر اسے تشدد کا نشانہ بنادیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ شہزاد اورا س کے ساتھیوں نے سکول سے واپس آنےو الی محمد بوٹا کی بیٹی احد اورا س کے بیٹے نومی کو راستہ میں روک کر تنگ کیا تو اس بات کی شکایت کرنے پر ملزموں نے محمد بوٹا کے گھر داخل ہوکر اسے تشدد کرکے زخمی کیااور اس سے نقدی چھین لی تاہم لوگوں کے اکٹھا ہوجانے پر ملزموںنے ہوائی فائرنگ کی اور فرار ہوگئے ۔ زخمی کو مقامی ہسپتال میں داخل کروادیا گیا جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے تاحال کوئی ملزم گرفتار نہ ہوسکا ہے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:راہزنی اور چوری کی دومختلف وارداتوں میں نقدی ، موبائل فون اور موٹر سائیکل لے کر ملزم فرار ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سمبڑیال کے علاقہ ائیرپورٹ روڈ پر کار سوار چار ملزموں نے راستہ میں روک کر موٹر سائیکل سوار محمد الطاف اور اس کے دوست بابر بیگ سے ہزاروں روپے کی نقدی اور دو موبائل فون چھین لئے اور فرار ہوگئے ۔ تھانہ سٹی ڈسکہ کے محلہ حبیب پورہ سے محمد اشفاق کے گھر سے چور اس کی ہزاروں روپے مالیت کی موٹرس سائیکل نمبریSTZ-3188گھر کے اندر سے گیٹ کے تالے توڑ کر رات کے وقت چوری کرکے فرار ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمات درج کرکے ملزموںکی تلاش شروع کردی ہے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:سعید الیکٹرک کے مالک محمد سعید انور کے والد حاجی محمد علی جو چندروز قبل رضائے الہی سے انتقال کرگئے تھے کے ایصال ثواب کیلئے دسویں کا ختم شریف (آج)9نومبر بروز اتوار بعد از نماز ظہر ان کی رہائش گاہ واقعہ پریم نگر گلی نمبر دو میں ادا کیا جائے گا ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:شاعر مشرق حکیم الامت ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کا 131واں یوم پیدائش (آج)9نومبر بروز اتوار انتہائی عقیدت واحترام اور جوش وجذبے سے منایا جائے گا ۔ پاکستان کو تصور پیش کرنے والے عظیم فلسفی شاعر ڈاکٹر علامہ محمد اقبال 9نومبر1877ء کو سیالکوٹ کے محلہ کشمیریاں میں پید ا ہوئے جنہوں نے ابتدائی تعلیم اپنے استاد مولوی میر حسن سے حاصل کی اور بعدازاں سکاچ مشن ہائی سکول سے میٹرک کا امتحان پاس کیا تاہم اسی دوران سکاچ مشن ہائی سکول کو کالج کا درجہ مل جانے پر شاعر مشرق علامہ محمد اقبال نے ایف اے کا امتحان بھی سکاچ مشن کالج سے پاس کیا جس کے بعد انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور میں داخلہ کیااور بی اے کا امتحان گورنمنٹ کالج لاہور سے پاس کرنے کے بعد اعلی تعلیم حاصل کرنے کیلئے لندن چلے گئے ۔ شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کی جائے پیدائش سیالکوٹ کے محلہ کشمیریاں میں ان کی آبائی رہائش گاہ اقبال منزل آج بھی موجو دہے جو عوام کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے کیونکہ محکمہ آثار قدیمہ کے زیر کنٹرول اقبال منزل کا روزانہ سیالکوٹ کے علاوہ اندرون وبیرون ملک سے لوگ ، بچے ، طلبہ وطالبات دورہ کرتے ہیں۔ یوم اقبال کے موقعہ پر اقبال منزل پبلک کیلئے کھی رہے گی تاہم اس موقعہ پر اعلی صبح ساڑھے پانچ بجے سیالکوٹ ہسٹاریکل سوسائٹی کے تحت ایک تقریب منعقد ہوگی جس میںنماز فجر کی ادائیگی کے بعد علامہ اقبال کی 131ویں سالگرہ کا کیک کاٹا جائے گا ۔ شہر اقبال میں علامہ اقبال کے والدین کی قبریں امام صاحب میںموجود ہیںجہاں سیاسی ، سماجی وشہری پھولوں کی چادریں چڑھائیں گے جبکہ سرکاری وغیر سرکاری سطح پر علامہ اقبال کے شہر سیالکوٹ میں تقریبات اور سیمینار منعقد ہونگے جن میں علامہ محمد اقبال کو خراج تحسین پیش کیا جائے گا ۔ڈی سی او کیپٹن (ر) عطاء محمد خان کی ہدایات پر ضلع سیالکوٹ کے تمام سرکاری تعلیمی اداروں میںیوم اقبال کے موقعہ پر تقریبات ، تقریری مقابلے منعقد ہونگے ۔جن میں اعلی کارکردگی کے حامل طلبہ وطالبات میںانعامات بھی تقسیم کئے جائیںگے ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:ڈسٹرکٹ کوآرڈنیشن آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) عطاء محمد خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) محمد امین وینس (آج)9نومبر بروز اتوار انوار کلب آڈیٹوریم میں سہ پہر چار بجے کھلی کچہری لگائیں گے اور لوگوں کے مسائل اورشکایات سن کر موقعہ پر ہی متعلقہ حکام کو ان کے حل کیلئے احکامات جاری کریںگے ۔(بےورورپورٹ)