سیالکوٹ:ضلع سیالکوٹ میں جرائم کے خاتمہ اور سماج دشمن عناصر کی سرکوبی کیلئے دیہات کی سطح پر ٹھیکری پہرہ لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور اس سلسلہ میں ضلع بھر کے26تھانوں کے ایس ایچ او ز کو باقاعدہ احکامات بھی جاری کردیئے ہیں ۔ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) محمد امین وینس کا کہنا ہے کہ ریجنل پولیس آفیسر ذوالفقار احمد چیمہ کے حکم پر دیہات میں ٹھیکری پہرہ لگانے سے جرائم میںنمایاں کمی واقع ہوگی کیونکہ اس کی وجہ سے جرائم پیشہ عناصر کیلئے جرم کرنا آسان نہیں رہے گا ۔ انہوں نے بتایا کہ ضلع بھر کے ایک ہزار سے زائد دیہات میں ٹھیکری پہرہ لگانے والوں میں اچھی شہرت کے حامل نوجوان اور مقامی شہری شامل کئے جارہے ہیں اور ضلع سیالکوٹ کے تمام تھانوں میں تعینات ایس ایچ اوز اپنے اپنے علاقوں کے دیہات میں ٹھیکری پہرہ لگانے کے ذمہ دارہیں ۔ ڈی پی او کے مطابق ٹھیکری پہرہ عوام کے جان ومال کے تحفظ میں پولیس کیلئے معاون ومدد گار ثابت ہوگااورا س کے انتہائی مثبت نتائج برآمد ہونگے ۔انہوں نے بتایا کہ ٹھیکری پہرہ لگانے والوں کو باقاعدہ کارڈز بھی جاری کئے جائیں گے اور انہیں اسلحہ رکھنے کی اجازت بھی ہوگی ۔ڈی پی او کیپٹن (ر) محمد امین وینس کا کہنا ہے کہ ٹھیکری پہرہ لگانے والے اپنے اپنے دیہات میں پولیس کے تعاون سے عوام کے جا ن ومال کے تحفظ کی ذمہ داریاں ادا کرنے کے علاوہ علاقہ میں ہونے والے جرائم اور دیگر سماجی برائیوں کے خاتمہ کیلئے اپنا فعال وموثر کردار اد اکریں گے ۔واضح رہے کہ ضلع سیالکوٹ کی آبادی 37لاکھ سے زائد ہے اور یہاں عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے محکمہ پولیس کے پاس اڑھائی ہزار سے زائد پولیس ملازمین ہیں تاہم عرصہ دراز سے بھرتی نہ ہونے کی وجہ سے پولیس کو شدید پریشانیوں کا سامنا ہے لیکن اب حال ہی میں پولیس نے جرائم کے خاتمہ اور عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے شہری علاقوں میں کلوز سرکٹ کیمروں کی تنصیب کے پروگرام پر عمل شروع کیا تھا تاہم اب دیہات میں ٹھیکری پہرہ لگانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے جس پر عمل بھی شروع کردیا گیا ہے ۔(بےورورپورٹ)
سیالکوٹ:ڈسکہ کے قریب مین ہائی وے پر جیسروالہ سٹاپ پر ویگن کی ٹکرسے سڑک کنارے کھڑی خاتون ہلاک ہوگئی ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ نذیراں بی بی بس کے انتظار میں کھڑی تھی جسے ایک جانب سے آنے والی تیز رفتار ویگن اس کے ڈرائیور افتخار احمد کی غفلت ولاپرواہی کی وجہ سے ٹکراگئی جس کے نتیجہ میں نذیراں بی بی شدید زخمی ہوگئی اور موقعہ پر ہی جاں بحق ہوگئی ۔حادثہ کے بعد ویگن ڈرائیور موقعہ سے فرار ہوگیا ۔ پولیس نے متوفیہ کی نعش کو قبضہ میں لے کر کاروائی شروع کردی ہے ۔(بےورورپورٹ)
سیالکوٹ:تھانہ صدر سیالکوٹ کے موضع بھاگووال میں گلی میں کھڑا ہونے کے مسئلہ پر دو ملزموں نے فائرنگ کرکے نوجوان کو شدید زخمی کردیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ساجد اور اس کے ساتھی نے تلخ کلامی کے بعد پستول سے فائرنگ کرکے اپنے ہی گاؤں کے فیصل کو شدید زخمی کردیااور موقعہ سے قتل کردینے کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ زخمی کو گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ہسپتال داخل کروادیا گیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزموں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں ۔(بےورورپورٹ)
سیالکوٹ:تھانہ مرادپور پولیس نے شراب فروشی کے ڈیرہ پر چھاپہ ما رک شراب تیار کرنے والے بھٹی اور درجنوں شراب کی بوتلیں برآمد کرکے ایک ملزم کو گرفتار کرلیاہے ۔ ڈی ایس پی صدر سرکل محمد اکرام خان کا کہنا ہے کہ ملزم ساجد کافی عرصہ سے شراب کشید کرکے اس کی فروخت کا دھندہ کررہا تھا جوکہ مخبری پر پولیس کی بھاری نفری نے چھاپہ مار کر ملزم کو شراب کشید کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیااور شراب کی بھٹی اور درجنوں بوتلیں شراب برآمد کرکے ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ:تھانہ سٹی ڈسکہ پولیس نے ایک شہری محمد طارق کی درخواست پر بنک کے بوگس چیک دینے کے الزام میں محکمہ مال کے پٹواری کے خلاف دو مقدمات درج کرکے اس کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم خاور پٹواری نے رقم کی ادائیگی کیلئے محمد طاہر کو مقامی بنک کے دو چیک دیئے جنہیںکیش کروانے کیلئے جب محمد طاہر بنک گیا تو ملزم کے اکاؤنٹ میں رقم ہی موجو دنہ تھی ۔ دریں اثناء تھانہ سول لائن پولیس نے عظیم اقبال کی درخواست پر ملزم میاں اللہ دتہ کے خلاف بنک کا بوگس چیک دینے کے الزام میں مقدمہ درج کرکے اسے گرفتار کرلیا ہے ۔(بےورورپورٹ)
سیالکوٹ:سیالکوٹ پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف کاروائی کے دوران مختلف مقامات سے 16ملزموں کو گرفتار کرکے منشیات ، ناجائز اسلحہ اور شراب برآمد کرلی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کوتوالی پولیس نے یتیم خانہ چوک سے ملزم محمدشہزاد کے قبضہ سے پچاس گرام چرس ، ملزم اعجاز کے قبضہ سے پچاس گرام چرس ، ملزم عثمان کے قبضہ سے چالیس گرام چرس ، ملزم وقاص کے قبضہ سے 60گرام چرس ، تھانہ نیکاپورہ پولیس نے نواں پنڈ سے ملزم مبارک علی کے قبضہ سے پستول ، ملزم محمد یوسف کے قبضہ سے پستول اور ملزم ریاض کے قبضہ سے پستول ، تھانہ ہیڈمرالہ پولیس نے چوڑ چک سے ملزم بلال کے قبضہ سے 110گرام چرس اور ملزم شمس کے قبضہ سے 30گرام چرس ، تھانہ سبز پیر پولیس نے ملزم رضوان کے قبضہ سے 125گرام چرس ، تھانہ موترہ پولیس نے نگور سے ملزم تسلیم کے قبضہ سے خنجر ، تھانہ بمبانوالہ پولیس نے کوٹ جھنڈو سے ملزم بوٹا کے قبضہ سے شراب کی ایک بوتل ، تھانہ پھلورہ پولیس نے ادووالی سے ملزم رفاقت علی کے قبضہ سے رائفل اور ملزم سجاد کے قبضہ سے رائفل ، تھانہ بیگوالہ پولیس نے دندھیر باگڑیاں سے ملزم محمد ارشد کے قبضہ سے 55گرام چرس اور ملزم شوکت کے قبضہ سے پستول برآمد کرکے ملزموںکے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلئے ہیں ۔(بےورورپورٹ)
سیالکوٹ:تھانہ سمبڑیال کے علاقہ پیجو کے میں ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم فرید حسین نے اپنی ٹریکٹر ٹرالی کی ٹکر مار کر انجم وحید جو ایک موٹر سائیکل پر سوار تھا کو شدید زخمی کردیااور موقعہ سے فرار ہوگیا ۔ زخمی انجم وحید کو مقامی ہسپتال داخل کروادیا گیا جہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ:تھانہ کوٹلی لوہاراں پولیس نے عوامی شکایات پر چھاپہ مار کر غیر قانونی طور پر ایک سلنڈر سے گیس دوسرے سلنڈر میں منتقل کرنے والے دو ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ موضع شادی وال میں ناظم علی اور وارث اپنی اپنی دوکانوں پر پابندی کے باوجود خطرناک طریقے سے گیس ایک سلنڈر سے دوسرے سلنڈروں میں منتقل کررہے تھے جنہیں اے ایس آئی افضال بیگ کی قیادت میںپولیس نے چھاپہ مار کر گرفتار کرلیااور ملزموں کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلئے ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ:تھانہ حاجی پورہ پولیس نے محلہ بوگڑھاکی رہائشی خاتون فرزانہ بی بی کی درخواست پر اسے ناراض خاوند سے نالغ بیٹا لے کر دینے کاجھانسہ دے کر چھ ماہ تک زبردستی زیادتی کا نشانہ بنانے اور ہزاروں روپے کی رقم ہتھیانے کے الزام میں چار ملزموں کے خلاف تحفظ حقوق نسواں ایکٹ 2006ء کی دفعہ376کے تحت مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے اور ملزموں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں ۔فرزانہ بی بی نے الزام لگایا ہے کہ چھ ماہ قبل اس کی اپنے خاوند عباس کے ساتھ جھگڑا ہو اجوکہ خاوند عباس نے اس کا نابالغ بیٹا چھین لیا جسے واپس دلوانے کیلئے اس کے قریبی رشتہ دار شہباز اسے اپنے گھر فتح گڑھ لے آیا جہاں ملزم نے اسے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا تاہم بعدازاں شہباز اور اس کے تین ساتھی اسے نامعلوم مقام پر لے گئے ۔تاہم وہ اب بھاگ کر اپنے گھر واپس آگئی ہے درخواست مےں خاتون نے ےہ بھی الزام لگاےا ہے کہ ملزم شہباز نے اسے چھ ماہ تک زیادتی کا نشانہ بھی بنایااور اس سے 65ہزار روپے کی رقم بھی ہتھیائی اور اب اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔(بےورورپورٹ)
تازہ فضائی حملوں میں دولتِ اسلامیہ کے 14 جنگجو ہلاک
-
امریکہ کی سربراہی میں اتحادی ممالک نے شام میں تازہ فضائی کارروائی کے دوران
دولت اسلامیہ کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں تیل کے کارخانوں کو نشانہ بنایا ہے جس
میں ...
11 years ago
