
سیالکوٹ:صوبائی وزارت خزانہ نے پنجاب بھر میں ترقیاتی منصوبہ جات کی رقوم کے درست استعمال کیلئے سات رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے ۔ اس امر کا اظہار مسلم لیگ (ن) کے ممبر پنجاب اسمبلی عمران اشرف نے روزنامہ آج کل بات چیت کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں صوبائی وزیر خزانہ ، فنا نس سیکرٹری ، چیئرمین پی اینڈ ڈی ، ڈائریکٹر بنک آف پنجاب ، چیئرمین وزیر اعلی مانیٹرنگ سیل کے علاوہ انہیں بھی بطور ممبر شامل کیا گیاہے اور وہ پنجاب اسمبلی کے واحد اسمبلی ممبر ہیں تاہم باقی ممبران حکومتی عہدیدار ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ (ن ) کی حکومت خدمت کے جذبے سے سرشارہے اور حکومت چاہتی ہے کہ عوام کے مسائل کے حل اور انہیں بہتر زندگی کی سہولیات کی فراہمی کیلئے میگاپراجیکٹ سمیت دیگر منصوبہ جات پر خرچ ہونے والے سرمائے کی ایک ایک پائی ایمانداری اور دیانت داری سے خرچ ہواور اس کمیٹی کے قیام کا بنیادی مقصد بھی ہے ۔ رکن پنجاب اسمبلی عمران اشرف نے مزید کہا کہ میگا پراجیکٹ سمیت ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے فنانسنگ کاحصول ، پبلک سیکٹرمیں فنانسنگ پارٹنرشپ ، نج کاری اور دیگر معاملات بھی اس کمیٹی کی ذمہ داریوں میںشامل ہے ۔(بےورورپورٹ)
