Friday, November 14, 2008

سیالکوٹ:ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے انسپکٹر عرفان الحق سلہریا کو تھانہ ہیڈمرالہ کا نیا ایس ایچ او تعینات کردیاہے جنہوں نے اپنے عہدہ کا چارج سنبھال کر کام شروع کردیا ہے ۔ ان کے پیش روز سب انسپکٹر سیف ورک رخصت پر چلے گئے ہیں ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی کارپوریٹ کلاس کی دس سیٹوں کیلئے انتخابات (آج)14نومبربروز جمعتہ المبارک ہونگے ۔ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے انتخابات کیلئے مقرر کئے گئے الیکشن کمشنر نوید اقبال شیخ کا کہنا ہے کہ پولنگ صبح شروع ہوگی جو سہ پہر تک جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کے روز ووٹروں کو اپنے اپنے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ، چیمبر کارڈ اور ڈرائیونگ لائسنس یا پاسپورٹ ہمراہ لانا ہوگا ۔ کارپویٹ کلاس کی دس سیٹوں کیلئے 20امیدوارعبدالطیف ، عامر حمید بھٹی ، فضل جیلانی ، حسن علی بھٹی ، محمد سرفراز بٹ ، محمد یونس سپال ، پرویز احمد خان ، شیخ اصغر حسین ، سید صاحبزادہ ابن احمد اقبال ، چودھری عرفان اکرم ، فیصل جمشید ملک ، حفیظ بلال طاہر ، ملک نصیر احمد ، محمد افضل اعوان ، محمد جمیل ، محمد سلیمان خان ، سمیع بٹ اور شیخ ہمایوں اقبال میدان میں ہیں ۔ نوید اقبال شیخ کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دوسرے مرحلہ میں یسوسی ایٹ کلاس کی دس سیٹوں کیلئے پولنگ 15نومبر کو ہوگی ۔تاہم تیسرے مرحلے میں کامیاب ہونے والے کارپویٹ اور ایسوسی ایٹ کلاس کے ممبران سیالکوٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اور نائب صدر کے انتخابات کے امیدواروں کا چناؤ کریں گے جو کہ21نومبر کو سیالکوٹ چیمبر میں ہی یہ الیکشن بھی ہونگے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رانا عبدالستار نے کہا ہے کہ معزول چیف جسٹس افتخار محمد چودھری سمیت تمام معزول ججوں کی بحالی تک مسلم لیگ (ن) کی جدوجہد جاری رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا عدلیہ بحالی پر موقف ٹھوس اور واضح ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کیا۔ مسلم لیگ (ن) پنجاب کی صوبائی جنرل کونسل کے رکن ڈاکٹر محمد شفیق بٹ بھی اس موقعہ پر موجود تھے ۔ رانا عبدالستار نے کہا کہ وفاقی حکومت سے علیحدگی معزول ججوں کی بحالی کیلئے ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کو اقتدار سے نہیں بلکہ ملک وقوم سے محبت ہے اور مسلم لیگ پاکستان کوبحران اور مشکلات کی دلدل سے باہر نکالنے کیلئے ہر ممکن کوشش کرے گی ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ سٹی ڈسکہ پولیس نے شہر کے علاقہ چونگی نمبر آٹھ سے منشیات فروش رحمت علی کو گرفتار کرکے اعلی کوالٹی کی ایک کلو گرام ہیروئن برآمد کرلی ہے ۔ ایس ایچ او سٹی ڈسکہ انسپکٹر رانا ندیم طارق کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم رحمت علی ریکارڈ یافتہ منشیات فروش ہے اور اعلی کوالٹی کی منشیات فروخت کیلئے علاقہ غیر سے خرید کر ڈسکہ لایا تھا جسے مخبری پر فوری کاروائی کرکے منشیات سمیت پکڑ لیا گیا ۔ دریں اثناء ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ سمبڑیال کے علاقہ ملکھانوالہ میں ڈاکو زمیندار اور ملازمین کو کمرے میں بند کرکے نقدی ، موبائل اور مونجی کی فصل لوٹ کر فرار ہوگئے ۔پولیس رپورٹ کے مطابق نبی احمدساہی جو مقامی یونین کونسل کا ممبر بھی ہے کے ڈیرہ پر رات کے وقت چارنامعلوم ملزم جوایک ایمبولینس میںسوار تھے نے دھاوابول دیااور اسلحہ کی نوک پر نبی احمد ساہی اور اس کے ملازمین ظفر احمد ، امان اللہ ، غلام افتخار اور محمد اشرف کو یرغمال بنالیااور جان سے مار دینے کی دھمکی دے کرنقدی اور چار موبائل فون چھین لینے کے بعد رسیوؤں سے باندھ کر ایک کمرے میں بند کردیا۔ ملزم بعدازاں ڈیرہ سے 32ہزار روپے مالیت کومونجی کی فصل بھی ساتھ لے کرفرار ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ سبز پیر کے علاقہ سے دوشیزہ زیورات اور نقدی سمیت اغوا کرلی گئی ۔پولیس رپورٹ کے مطابق پروین بی بی اور اس کے شوہر محمد بوٹا کی عدم موجودگی میں محمد ریاض ، جاوید اور ان کے دیگر ساتھیوں نے گھر سے اسلحہ کی نوک پر پروین بی بی کی بیٹی فرزانہ کو اغوا کرلیااور گھر سے جاتے ہوئے ہزاروں روپے کی نقدی اور زیورات بھی لوٹ لئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم اور مغویہ کی تلاش شروع کردی ہے تاحال کوئی سراغ نہ لگایا جاسکا ہے ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ مراد پور پولیس نے موضع گدارے میں مقابلہ کے بعد خطرناک ملزم افضل پیہ اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ہے ۔ ڈی ایس پی محمد اکرام خان کا کہنا ہے کہ ملزم انتہائی خطرناک ہے اور ا سکے خلاف پہلے بھی متعدد مقدمات درج ہیں تاہم ملزم علاقہ میںہونے والے درجنوں جرائم میں براہ راست ملوث ہے اور ا سکے گروہ کے دیگر ارکان سینکڑوں وارداتوں میں مطلوب ہیں۔ ڈی ایس پی کے مطابق ملزم کو ڈرامائی انداز میں کاروائی کرکے گرفتار کیا گیا ہے اور ابتدائی تفتیش میں ملزم نے سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں جن کی روشنی میں تفتیش کا دائرہ کاروسیع کردیا گیا ہے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ ستراہ کے موضع کوٹلی باوا پیر سے نقاب پوش ڈاکوؤں نے زمیندار اوراس کے ڈرائیور سے نو لاکھ روپے مالیت کا ٹریکٹر چھین لیا ۔مانگا کے رہائشی محمد ریاض کا کہنا ہے کہ وہ اپنے ڈرائیور محمد جاوید کے ہمراہ مونجی کی فصل فروخت کرنے کے بعد اپنے ٹریکٹر نمبریSTL-1893پر سوار ہوکر واپس گھر آرہے تھے جوکہ راستہ میں چار نقاب پوش ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر انہیں روک لیااور جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر رسیوؤں سے باندھ کر قریبی کھیتوں میں بٹھا دیااور ٹریکٹرجس کی مالیت نو لاکھ روپے ہے چھین کر فرار ہوگئے ۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:سیالکوٹ پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مہم کے دوران مختلف مقامات سے بدنام زمانہ شراب فروش سمیت 20ملزمان کو گرفتار کرکے چالو شراب کی بھٹی ، ناجائز اسلحہ ، منشیات اور شراب کی بوتلیں برآمد کرلی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر پولیس نے منڈیانوالہ سے شراب فروش محمد اکرم کو گرفتار کرکے ملزم کے قبضہ سے ایک چالو شراب کی بھٹی اور دو سو بوتل شراب ، تھانہ نیکاپورہ پولیس نے ملزم خالد کے قبضہ سے پستول اور 20گرام چرس ، تھانہ کینٹ پولیس نے ملزم شاہد کے قبضہ سے اڑھائی سو گرام چرس ، تھانہ صدر پولیس نے ملزم قیصر سے پستول ، ملزم عابد کے قبضہ سے پستول اور ملزم سکندر کے قبضہ سے پستول ، تھانہ کوٹلی لوہاراں پولیس نے ملزم محمد علی کے قبضہ سے پستول ، تھانہ صدر پسرور پولیس نے ملزمان غلام نبی ، شفاقت علی ، وسیم احمد ، قیصر ، عاصم ، شمس دین سے ایک ایک بوتل شراب ، تھانہ سٹی ڈسکہ پولیس نے ملزم معشوق علی کے قبضہ سے دس گرام ہیروئن ، ملزم نوید اسلم کے قبضہ 110گرام ہیروئن ، ملزم سرفراز کے قبضہ سے 115گرام ہیروئن ، تھانہ پھلورہ پولیس نے ڈکیتی کے مقدمہ میںملوث ملزم محمد بوٹا کے قبضہ سے پستول ،تھانہ قلعہ قالروالہ پولیس نے ملز م شوکت کے قبضہ سے پچاس گرام چرس ، تھانہ پھلورہ پولیس نے ملزم وقار کے قبضہ سے پستول ،تھانہ صدر ڈسکہ پولیس نے ملزم ندیم کے قبضہ سے اڑھائی سو گرام چرس برآمد کرکے ملزموں کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلئے ہیں ۔(بےورورپورٹ)