Saturday, November 15, 2008

سیالکوٹ:سیالکوٹ میں وکلاء کیلئے ہاؤسنگ کالونی کامنصوبہ پانچ سال سے کھٹائی میںپڑا ہوا ہے اوراس منصوبہ پر ایک فیصد بھی کام شروع نہ ہوسکا ہے ۔ پانچ سال قبل پنجاب کے سابق وزیر اعلی چودھری پرویز الہی نے سیالکوٹ کے دورہ کے موقعہ پر سیالکوٹ کے وکلاء کیلئے ایک کالونی کے قیام کااعلان کیا تھا لیکن پانچ سال کا طویل عرصہ گزر جانے پر بھی وکلاء کالونی کیلئے اراضی کاتعین ہی نہ کیا جاسکا ہے جس کی وجہ سے وکلاء کالونی کا مسئلہ سرد خانے میں ہے اور اس صورتحال میںوکلاء میں تشویش پائی جاتی ہے ۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ اگر وکلاء کالونی کا قیام ہی عمل میںنہیںلانا تھا تو اس کی منظوری دینے کا اعلان کیوں کیا گیا ۔ وکلاء کا کہنا ہے کہ وکلاء کالونی کے قیام کا اعلان شاہد سابق مسلم لیگ (ق) کی حکومت نے وکلاء کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے دیا تھا اور اسی وجہ سے اس منصوبہ پرعملی طور پر کوئی کام شروع نہ ہوسکا ہے اور آج بھی وکلاء کی ایک بڑی تعداد کرائے کے مکانوں میںرہتی ہے تاہم اگر کالونی کا قیام عمل میںلایا جاتا تو کرائے کے مکانوں میںمقیم وکلاء کو رہائش کی سہولت مل جاتی ۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ سیالکوٹ میں وکلاء کی تعداد سینکڑوں میںہے اور سینکڑوں وکلاء کیلئے رہائشی کالونی کیلئے ایک بڑا رقبہ درکار ہے لیکن حکومت کے پاس سیالکوٹ میں وکلاء کالونی کیلئے سرکاری رقبہ موجود نہ ہے تاہم ضلع کے مختلف مقامات پر جو سرکاری رقبہ موجود ہے وہاں تمام وکلاء کیلئے رہائشی کالونی قائم نہیںہوسکتی ۔ معلوم ہوا ہے کہ کوبے چک کے قریب اٹھارہ ایکٹر رقبہ پر وکلاء کالونی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا تھا لیکن زمین پر غیر قانونی قبضہ اورغیر آبادی غیر معیاری رقبہ پروکلاء کالونی قائم کرنا انتظامیہ کیلئے مشکل تھا اسی وجہ سے اس منصوبہ کو ترک کردیا گیااور یہ آج تک سرد خانے میں پڑا ہوا ہے ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تھانہ اگوکی پولیس نے مظفر پور کے رہائشی علی بہادر کی درخواست پر اس کی زیورات سمیت اغوا کرکے کاغذات پر زبردستی دستخط کروانے اور سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے اور بے ہوشی کی ادویات کھلانے کے الزام میں دو خواتین سمیت چار ملزموںکے خلاف مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے ۔ پولیس رپورٹ میں علی بہادر نے الزام لگایا ہے کہ چودھری اسحاق ایڈووکیٹ کی ہمشیرہ منزہ جو اس کی بیوی ہے کو مینا اور حمیرہ نے وحید اور صدیق سے مل کر زبردستی کیری ڈبہ میں گھر سے بلوا کر اغوا کیااور جاتے ہوئے تین لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات بھی لے گئے تاہم ملزم بعد ازاں اس کی بیوی کو لاہور لے گئے جہاں نشہ آور ادویات کھلانے کے بعد جان سے مار دینے کی دھمکی دے کر کاغذات پر دستخط کروائے اور کچہری میں پیش بھی کیا اور بعدازاں اسے کئی روز کے بعد درالامان میںداخل کرواکے فرار ہوگئے ۔ پولیس نے ملزموں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں تاحال کوئی ملزم گرفتار نہ ہوسکا ہے ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:معزول ججوں کی بحالی کیلئے سیالکوٹ بھر کے وکلاء نے جمعتہ المبارک کے رو زبھی ایک گھنٹہ عدالتی بائیکاٹ کیااور صبح آٹھ بجے سے نو بجے تک کوئی وکیل کسی عدالت میں پیش نہ ہوا جس کی وجہ سے عدالتوں میں زیر سماعت مقدمات میں تاخیر ہوئی ۔ وکلاء نے بار کے اجلاس میں عدلیہ کی آزادی اور معزول ججوں کی بحالی کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔ دریں اثناء ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام ضلع کچہری کے بار لان میں وکلاء نے مسلسل298ویں روز بھی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جس میں مختلف وکلاء نے شرکت کی ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:جماعت اہل سنت کے مولانا نعیم کے قتل کے خلاف چوک علامہ اقبال میں جمعہ المبارک کے روز سینکڑوں لوگوں نے مظاہرہ کیااور ملزموں کوبے نقاب کرکے گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ مظاہرہ کرنےو الوں میںہر عمر کے افراد شامل تھے جنہوں نے ہاتھوں میںکتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر مختلف نعرے درج تھے ۔ مظاہرین نے ایک گھنٹہ تک چوک علامہ اقبال میں مظاہرہ کیا ۔ اس موقعہ پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ملزموں کا سراغ لگا کر انہیں گرفتار کرنا انتظامیہ کا فرض ہے اور پولیس کو اپنا یہ فرض ایماندار ی اور دیانت داری سے جدوجہد کرتے ہوئے ادا کرنا چاہیے ۔ بعد ازاں مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:مسلم لیگ (ن) سیالکوٹ راہنما رکن صوبائی اسمبلی رانا محمد اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی خود مختاری ، سلامتی ، بقا اور عزت واحترام کو یقینی بنانے کیلئے کسی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائدمیاں محمد نوا زشریف اور وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف ہی پاکستان کو مسائل ومشکلات کی موجودہ دلدل سے باہر نکالنے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کارکنوں سے بات چیت کے دوران کیا ۔ رانا محمد اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مقبول ترین سیاسی جماعت ہے اور ق لیگ اب ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ختم ہوگئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ق لیگ میں اختلافات کی ثابت کردیا ہے کہ یہ جماعت مفادپرستوں کا ٹولہ ہے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ پنجاب حکومت کے اقدامات کی وجہ سے عوامی مسائل تیزی سے حل ہورہے ہیں ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:وفاقی وزیر بہبود آبادی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بڑھتی ہوئی آبادی ملک کیلئے ایک بڑا مسئلہ ہے اور بہت سارے مسائل بڑھتی ہوئی آبادی کی وجہ سے ہیں اور اگر آبادی کے بے تہاشہ اضافہ کو روک لیا جائے تو پاکستان اور عوام کے بہت سارے مسائل حل ہوجائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بڑھتی ہوئی آبادی کو کنٹرول کرنے کی طرف کوئی توجہ نہیں دی گئی بلکہ صرف جھوٹے نعرے اور اعلان کئے گئے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایک بیان میںکیا ۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے حکومت دن رات کوشاں ہے اور دہشت گردوں کو مقام عبرت بنادیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو جدید تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے حکومت نے پلان تربیت دیا ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت حقیقی معنوں میں عوام وملک کی خدمت کررہی ہے اور ملک وقوم کے سارے مسائل حل کئے جائیں گے تاہم اس کیلئے کچھ وقت درکار ہے ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:ایکسین گیپکو سٹی ڈویثرن نمبر3سیالکوٹ کی پریس ریلیز کے مطابق چٹی شیخاں فیڈر میں 17نومبر ، بیگوالہ فیڈر میں 18نومبر ، جامکے فیڈر میں 19نومبر ، قاضی چک فیڈر میں 20نومبر ، ماجرہ فیڈر میں 22نومبر اور جوڑیاں فیڈر میں 29نومبر کو ضروری مرمت اور درختوں کی کٹائی وغیرہ کیلئے صبح نو بجے سے دوپہر ایک بجے تک بجلی بند رہے گی ۔(بےورورپورٹ)