Tuesday, November 11, 2008

سیالکوٹ:پاکستان کرکٹ بورڈ موبی لنک کے تعاون سے انڈر 16ہیرو کی تلاش کے سلسلہ میں ضلع سیالکوٹ اور نارووال کے پلیئرز کیلئے اوپن ٹرائلز 4 سے 6نومبر کو جناح سٹیڈیم سیالکوٹ میں منعقدہوئے۔ ٹرائلز میں آٹھ سو پلیئرز نے حصہ لیا جس میں ٹیلنٹ ہنٹ آفیسر عظمت رانا اور سلیکشن کمیٹی نے 15کھلاڑیوں کو کیمپ کیلئے منتخب کیا گیا ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:تحریک انصاف بہت جلد خاموش انقلاب لائے گی۔ کارکن اپنے قائد عمران خان کی قیادت میں کوشاں ہیں۔ غریب عوام کو انصاف دلانا اور ظلم سے نجات دلانا تحریک کا اولین فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف اقلیتی ونگ کے تحصیل آرگنائزر سنیل ارشد نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف ہی پاکستان کی واحد نمائندہ جماعت ہے جو ہر طبقہ کی نمائندگی کرتی ہے اور حقیقی معنوں میں غریب عوام کے مسائل اور ان کو ریلیف دلائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آئندہ الیکشن میں عمران خان کی قیادت میں کامیابی حاصل کرکے انقلاب لائے گی۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:ایس ڈی او گیپکو کنسٹرکشن سب ڈویژن کی پریس ریلیز کے مطابق ضروری مرمت اور ترقیاتی کاموں کے سلسلے میں 12نومبر کو عسکری فیڈر، کرسچن ٹاؤن فیڈر، چٹی شیخاں فیڈر، صدر بازار فیڈر، شادیوال فیڈر، کھروٹہ سیداں فیڈر، سید پور فیڈر، کشمیر روڈ فیڈر، کورٹ روڈ اور ایبٹ روڈ فیڈر صبح نو بجے سے سہ پہر تین بجے تک بند رہیں گے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:مرکزی انجمن صارفین پاکستان کے صدر خواجہ طارق محمود بٹ نے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے جس نوعیت کے اقدامات ہو رہے ہیں وہ پاکستان کو خشک سالی اور قحط کے جس جنم میں دھکیل رہا ہے وہ پاکستان کے 17کروڑ صارفین زندہ درگور کرنے کی ایک سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی بقا کیلئے اقدامات کرنے چاہئیں۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:مفکر اسلام ٹرسٹ کے چیئرمین محمد عارف مجاہد کی پریس ریلیز کے مطابق 16نومبر بروز اتوار انوار کلب آڈیٹوریم میں قومی ختم نبوت سیمینار ہو گا۔ جس میں سابق چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ میاں نذیر اختر، معروف سکالر علامہ ثاقب رضا مصطفائی، علامہ طاہر عبدالرزاق اور شجاعت علی مجاہد خطاب کریں گے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے سٹی صدر آفتاب حیدر، نائب صدر ذیشان حامد اور جنرل سیکرٹری چوہری تنویر احمد نے اپنے مشترکہ بیان کہا ہے کہ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کی کابینہ میں شمولیت سے پارٹی کارکنوں کا مورال بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر صاحبہ کی سیالکوٹ آمد پر ان کا بھرپور استقبال کیا جائے گا۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:اقلیتیں پاکستان اور مسلم لیگ کے پرچم تلے متحد ہو جائےں کیونکہ قائد اعظم کے بعد نواز شریف ہی ایسی شخصیت ہیں جو ملک کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلا سکتے ہیں۔ آج ملک دھشت گردی، بے روزگاری، مہنگائی اور افراتفری کے شکنجے میں مکمل طور پر آچکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان اقلیتی پریم پارٹی کے ضلعی صدر سیالکوٹ داؤد بھٹی نے دانش خان نےہمراہ یونین کونسل پراگ پور کے موضع دھیرا سندھا اورسندرانے سیداں میں پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ کی اقلیتوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کی حمایت کا اعلان کرکے پنجاب بھر میں اقلیتوں کو پیغام دیا ہے کہ سیالکوٹ مسلم لیگ(ن) کا مضبوط قلعہ ہے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:سیالکوٹ پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف مہم کے دوران مختلف مقامات سے آٹھ منشیات فروشوںسمیت 22ملزموں کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں منشیات ، ناجائز اسلحہ اور شراب کی بوتلیں برآمد کرلی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سمبڑیال پولیس نے فضل پورہ سے ذیشان سے ایک کلو ایک سو 75گرام چرس،محلہ ٹینکی والا سے ظفر محمود سے سوا کلو گرام چرس، شاھین ٹاؤن سے ایک کلو ایک سو 75 گرام چرس، اگوکی پولیس نے موضع دلچیکے سے منشیات فروش خالد عرف چھوٹا ایک کلو ایک سو 30گرام چرس،موضع گنجیانوالی سے صابر حسین ایک کلو ایک سو بیس گرام چرس، کوٹلی لوہاراں پولیس نے حیدی چوک سے منشیات فروش توقیر عرف ٹوکہ سے 515گرام چرس، قصبہ کھروٹہ سیداں سے شمشاد حسین شاہ عرف شادے شاہ سے 545گرام چرس،سول لائن پولیس نے ناصر روڈ سے محمد وقار سے 110گرام چرس اور پستول، حاجی پورہ پولیس نے فتح گڑھ سے محمد عثمان سے پستول، مراد پور پولیس نے قصبہ مراد پور سے سجاد احمد سے 150گرام چرس،مغل پورہ قبرستان سے شبیر سے 150گرام چرس،بمبانوالہ پولیس نے کوٹ جنڈو سے منیر خان سے بندوق، ملیانوالہ سے پرویز سے تین بوتل شراب، قذافی سے دو بوتل شراب، بڈیانہ پولیس نے قصبہ بڈیانہ سے نصیر سے پستول، تھانہ قلعہ کالر والہ پولیس نے پل مانگا سے خوشنود سے 30گرام چرس،بیگووالہ پولیس نے کوٹلی کھوکھرران سے یوسف سے پستول،تھانہ صدر سیالکوٹ پولیس نے لیڈی منشیات فروش یاسمین عرف چھینی سے ایک کلو ایک سو بیس گرام چرس، چائنہ چوک سے شبیر حسین اور عمر سے ایک ایک پستول، گوپال پور سے ملزم ڈکیتی بابر مسیح سے پستول،پکی کوٹلی سے کبیر احمد سے 120گرام چرس اور ریوالوربرآمد کرکے ملزموںکے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلئے ہیں ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:ڈکیتی ، راہزنی اور چوری کی پانچ وارداتوں میں لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات، نقدی، موٹر سائیکل اور بکرے وغیرہ لے کر ملزم فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقہ اڈہ کھرانہ میں خالد محمود جیولر کی دوکان پر موٹر سائیکل پر ایک مردڈاکو اور اسکی ساتھی خاتون گاہک بن کر آئے اور اسلحہ کے زور پر ہزاروں روپے مالیت کا طلائی لاکٹ اور دس ہزار روپے کی نقدی لوٹ کر موٹر سائیکل پر سوار ہو کر فرار ہو گئے۔ تھانہ موترہ کے علاقہ کوٹلی بھاگو میں گزشتہ روز چار نامعلوم ڈاکو ذکاء اللہ کے گھر میں داخل ہوئے اور اسلحہ کے زور پر اہل خانہ کو یرغمال بنا کر ایک لاکھ پندرہ ہزار روپے کی نقدی، سوا لاکھ روپے مالیت کے طلائی زیورات، دو موبائل فون ، لائسنسی رائفل اور پستول لوٹ لیا ۔ بعد ازاں ملزم محمد اقبال کے گھر میں داخل ہوئے 74ہزار روپے کی نقدی 75ہزار روپے مالیت کے زیورات اور موبائل فون لوٹ کر دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہو گئے۔تھانہ حاجی پورہ کے علاقہ گرین وڈ سٹریٹ میں دو نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار میاں آصف نواز کو اسلحہ کے زور پر روک کر خوفزدہ کر کے ساٹھ ہزار روپے مالیت کا ھنڈا 125موٹر سائیکل STN-340چھین کر فرار ہوگئے۔ تھانہ کوٹلی لوہاراں کے علاقہ کھروٹہ سیداں کی رہائشی کبریٰ بی بی زوجہ ذوالفقار علی شاہ کے گھر سے چور 55ہزار روپے مالیت کے دو بکرے چوری کر کے لے گئے۔ تھانہ صدر سیالکوٹ کے علاقہ کوٹ منڈیانوالہ میں نامعلوم چور ایک دوکاندار مبارک علی کی دوکان سے 20ہزار روپے کی نقدی اور سامان چوری کر کے لے گئے۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:کوٹلی لوہارں پولیس کا کھروٹہ سیداں میں ضرر کے اشتہاری کیلئے جانے والا چھاپہ ناکام ، اشتہاری پستول پھینک کر بھائی سمیت فرار ہو گیا۔ بتایا گیا ہے کہ کوٹلی لوہاراں پولیس کے اسسٹنٹ سب انسپکٹر افضال بیگ نے مخبری پر اشتہاری بابر حسین شاہ کی گرفتاری کیلئے اسکے بھائی عقیل عرف اقیلا کے گھر چھاپہ مارا۔ پولیس نے دیکھ کر بابر حسین شاہ پستول پھینک کر بھائی سمیت فرار ہو جانے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس نے اشتہاری کو پناہ دینے پر عقیل عرف اقیلا کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:سول جج سیالکوٹ محمد سلمان گھمن نے تھانہ اگوکی کے ناجائز اسلحہ کے مقدمہ میں ملوث ملزم ظفر عباس کو جرم ثابت ہو جانے پر چھ ماہ قید بامشقت اور پانچ سو روپے جرمانہ کی سزا کا حکم دیا ہے۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:لڑائی جھگڑوں کے چار واقعات کے نتیجہ میں نصف درجن افراد ہسپتال پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ پھلورہ کے گاؤں شہزادہ میں نامعلوم ٹریکٹر ٹرالی نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی جس کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار عابد شدید زخمی کر دیا۔ تھانہ ھیڈ مرالہ کے علاقہ بھولانوالہ میں زمین کے تنازعہ پر طارق، بابر، شکیل، محمد ارشد، عمران اور اکرم وغیرہ نے فائرنگ کرکے اور بندوق کے بٹ مار مار کر افضال ، محمد اسحاق اور نورحسین کو زخمی کر دیا۔ تھانہ موترہ کے علاقہ کھرولیاں میں مسکین اور عارف نے نامعلوم وجوہات پر اپنے دستی ہتھیاروں سے مار مار کر بوٹا کو شدید مضروب کر دیا۔ تھانہ بمبانوالہ کے گاؤں بکھڑےوالی میں سابقہ رنجش پر احسن وغیرہ چار ملزموں نے لاٹھیوں کے وار کر کے احسان کو شدید زخمی کر دیا ۔ پولیس نے مقدمات درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:بمبانوالہ پولیس نے کوٹ جنڈو سے پانچ شراب کی چالو بھٹیاں اورچار سو شراب کی بوتلیںبرآمد کرکے بارہ ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ بمبانوالہ پولیس نے کوٹ جنڈو میںچھاپہ مار کر افضل وغیرہ تین ملزموں کو گرفتار کر کے چالیس لیٹر شراب اور شراب کی چالو بھٹی قبضہ میں لے لی ۔ علاوہ ازیں پولیس نے اسی گاؤں سے سجاد وغیرہ تین افراد سے 39لیٹر شراب اور چالو بھٹی ، ندیم وغیرہ دو ملزموں سے 52 لیٹر شراب اور چالو بھٹی ، راحیل وغیرہ دو ملزموں سے 41لیٹر شراب اور چالو بھٹی اور سرفراز اور اسکے ساتھی سے 33لیٹر شراب اور چالو بھٹی قبضہ میں لے کر ملزموں کے خلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:پولیس نے باسوپنو سے تین شرابیوں کو غل غپاڑہ کرتے ہوئے گرفتار کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ موضع باسوپنو میں تین شرابی محمد بوٹا، ذوالفقار اور ریاض شراب کے نشے میں دھت ہو کر غل غپاڑہ کر رہے تھے کہ پولیس نے شکایت ملنے پر چھاپہ مار کر تینوں شرابیوں کو گرفتار کر کے علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کر کے انہیں جیل بھیج دیا۔علاوہ ازیں سمبڑیال پولیس نے موضع کولوکے سے آصف کو شراب پی کر غل غپاڑہ کرتے ہوئے گرفتار کیا ہے۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:اگوکی پولیس کا دھنے روڈ پر گھات لگائے بیٹھے ڈاکوؤں کی گرفتاری کیلئے چھاپہ، ایک ڈاکو گرفتار چار پولیس کا گھیرا توڑ کر فرار ہو گئے۔ بتایا گیا ہے کہ دھنے روڈ پر طارق، بابر اور خضر خورشید عرف کاکا وغیرہ پانچ ڈاکو مسلح ہو کر بیٹھے ہوئے تھے کہ اگوکی پولیس کے سب انسپکٹر محمد منیر نے بھاری پولیس نفری کے ہمراہ چھاپہ مار کر طارق نامی ڈاکو کو پستول سمیت گرفتار کر لیا جبکہ دیگر چار ملزمان پولیس کا گھیرا توڑ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:چوکی رجمنٹ بازار میں زیر حراست ملزمان ارادہ ڈکیتی نے اپنے آپ کو بلب کے شیشے سے کاٹ کر لہولہان کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ رجمنٹ بازار چوکی نے دو یوم قبل گھات لگائے بیٹھے دو ڈاکوؤں محمد رفیع اور عمران عرف عمرانہ کو اسلحہ سمیت گرفتار کیا تھا۔ گزشتہ روز چوکی حوالات بند دونوں ملزموں نے بلب کے شیشے اپنے آپ کو زخمی کر لیا۔ پولیس نے خودکشی کی کوشش کرنے پر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:کوتوالی پولیس نے محمد جاوید کی رپورٹ پر محمد شفیق کے خلاف بوگس چیک دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ محمد شفیق نے محمد جاوید کو ادائیگی کیلئے مقامی بنک کا چیک دیا تھا جو بنک نے ملزم کے اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے پر کیش کرنے سے انکار کر دیا تھا۔ (بےورورپورٹ)

پیپلز پارٹی کے رہنما شوکت علی مقیم طرابلس لیبیا نے بانی رکن پیپلز پارٹی عبدالعزیز صدر انسانی حقوق ونگ پی پی کے سٹی صدرکے ساتھ ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے مخدوم امین فہیم کو سینئر وزیر کا حلف اٹھانے پر مبارک باد دی اور خوشی کا اظہار کیا اور دیگر ممبران کابینہ کو بھی قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی ہے ۔ اور امید ظاہر کی کہ اتنے سینئر رہنما کابینہ میں شامل ہونے سے ملک مسائل سے نکلے گا کارکنوں کے اندر اعتماد پیدا ہو گا ۔ انہوں نے کہا صدر آصف زرداری نے جراتمندانہ فیصلہ کر کے کارکنوں کے دل کی آواز کو پورا کیا ہے ۔ شوکت علی نے مزید کہا کہ مخدوم امین فہیم مدبر منجھے ہوئے سیاست دان ہیںحکومت ان کی قیادت میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی اور اپنی قائد اور پارٹی کامنشور روٹی کپڑا اور مکان پورا کرے گی ۔ شوکت علی نے انہین یقین دلایا کہ وہ اپنے بیرون ملک مقیم ساتھیوں کے ساتھ ملکر اپنا سرمایہ پاکستان بھجوائیں گے جس سے پاکستان میں موجودہ معیشت کو سنبھلنے میں مدد ملے گی۔(بےورورپورٹ)