Saturday, November 1, 2008

سیالکوٹ :پاکستان کے قیام میں نوجوانوں نے اہم کردار ادا کیا اور آج بھی پاکستان کو بچانے کیلئے بھاری ذمہ داری نوجوانوں پر عائد ہوتی ہے ۔ اس لئے نوجوان قومی وملی جذبہ سے سرشار ہوکر مسلم لیگ (ن) کے پلیٹ فارم سے سروں پر کفن باندھ کر باہر نکلیں اور 1947ء والے جذبے سے قوم کو خواب خرگوش سے جگائیں۔اور مملکت خداداد کو اغیار کے ہاتھوں میں جانے سے بچائیں ۔ موجودہ حالات میں میاں نواز شریف ہی واحد قیادت ہیںجو ملک وقوم کو مسائل کی دلدل سے باہر نکال سکتی ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مسلم لیگ (ن) یوتھ ونگ پنجاب کے سوبائی صدر میاں غلام حسین شاہد نے یوتھ ونگ کے زیر اہتمام دفاع جمہوریت کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا ۔ کانفرنس سے میجر (ر) ذوالفقارحسین ، سیدسرفراز حیدر شاہ ، میاں شاہد پرویز ، عامر اکرام بٹ ، چودھری فہیم نواز ، محمد اشتیاق مغل ، ظفر اقبال ڈار ، رانا عنصر علی ، حسنات الحسن شاہ ، ذیشان اشرف ، شانی بٹ ، ڈاکٹر امین اور دیگر نے بھی خطاب کیا ۔ میاں غلام حسین شاہد نے کہا کہ آج ملک پر ان لوگوں کا قبضہ ہے جنہوں نے ملک کے حصول کیلئے کوئی کردار ادا نہیں کیا اور پاکستان کے مسائل ومشکلات کی دلدل میں پھنسنے کی بنیادی وجہ بھی یہی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان قیامت تک قائم ودائم رہے گا اور یہ بھی ایک حقیقت ہے کہ جس کسی نے بھی پاکستان کو نقصان پہنچایاوہ صفحہ ہستی سے ہی خود بخود مٹ گیا اور ان کا نام لینے والا بھی آج کوئی نہیں ہے ۔ میاں غلام حسین شاہد نے کہا کہ 1958ء میں ورلڈ بنک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان دنیا کا سب سے بڑا زرعی ملک تھا جو پوری دنیا کو گندم اور چاول سپلائی کرنے کی پوری صلاحیت رکھتا تھا لیکن آج بدقسمتی سے ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ملک کے باسی روٹی کیلئے سڑکوں ارو چوراہوں پر نکل آئے ہیں ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی جنرل سیکرٹری یوتھ ونگ سردار خالد ملک نے کہا کہ یوتھ ونگ کے نوجوان مسلم لیگ کی مضبوطی ، عوامی مسائل کے حل اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی اور سالمیت کیلئے کسی جانی ومالی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنما وسابق رکن قومی اسمبلی سید افتخار الحسن شاہ نے کہا کہ پاکستان کے دفاع اور تحفظ کیلئے سب سے زیادہ ذمہ داریاں نوجوانوں پر عائد ہوتی ہے تاہم تمام سیاسی جماعتوں کو مل کر ملک کو بحران اور مشکلات سے باہر نکالنا ہوگا ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :سیالکوٹ میںدو مختلف مقامات پر حکومتی پابندی کے باوجود دو بچے چھتوں پر پتنگ اڑاتے ہوئے گر کر شدید زخمی ہوگئے ۔ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ہسپتال میں زیر علاج اظہر محمود ساکن سلیم پورہ سمبڑیال اور راجہ ساکن فتح گڑھ کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے تاہم ان کے ورثاء کا کہنا ہے کہ دونوں چھتوں پر پتنگ بازی کررہے تھے لیکن پھسل جانے سے نیچے گر کر شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر ہسپتال داخل کروادیا گیا ۔ واضح رہے کہ پنجاب حکومت کے احکامات کی روشنی میں ضلع بھر میں پتنگ بازی پر پابندی عائد ہے لیکن اس کے باوجود متعدد مقامات پر پتنگ بازی کی خلاف ورزی معمول ہے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :حاجی پورہ ڈسکہ روڈ پر سائیکل سوار نامعلوم کار کی ٹکر سے ہلاک ہوگیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ واقعہ چاند چوک کے قریب پیش آیا جس میں ایک نامعلوم کار نے ٹکر مار کر پچاس سالہ نامعلوم مزدور کو شدید زخمی کردیا جوکہ بعدازاں موقعہ پر ہی دم توڑ گیا ۔ حادثہ کا ذمہ دار کار ڈرائیور موقعہ سے فرار ہوگیا ۔ پولیس مصروف کاروائی ہے تاہم کارسوار کا کوئی سراغ نہ مل سکا ہے ۔(بےورورپورٹ)