Thursday, October 30, 2008


سیالکوٹ:ریجنل پولیس آفیسر وڈی آئی جی ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے عظیم شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے علیحدہ وطن کا نظریہ پیش کیا اور قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے جانی ومالی قربانیاں دے کر آزاد وطن پاکستان حاصل کیا لیکن اس عظیم مملکت کو بھارت نے پہلے دن سے ہی تسلیم نہ کیا اور یہ پاکستان کو تباہ کرنے کیلئے مذموم سازشوں میں مصروف ہے جن میں پاکستان میں بم دھماکوں کے علاوہ دریائے چناب سمیت دیگر دریاؤں کا پانی روک لینا بھی شامل ہے تاہم ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ مملکت خداداد میں پاکستانی کلچر کو فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گھر گھر ہندو کلچر پھیل رہا ہے جس سے نئی نسل تباہی وبربادی کے ساتھ ساتھ ہندوکلچر کا شکار ہونے لگی ہے جس کے سدباب کیلئے کیبل آپریٹروں اور میڈیا سمیت ہر شہری کو حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں ضلع بھر کے تھانوں میں قائم کی گئی مصالحتی کمیٹیوں کے ممبران اور کیبل آپریٹروں کے ایک اجتماع سے خطاب کے دوران کیا ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر)محمد امین وینس ،ایس پی انویسٹی گیشن راؤ منیر ، ڈی ایس پی صدر سرکل محمد اکرام خان ، ڈی ایس پی پسرور محمد سلیم صادق کے علاوہ پولیس افسران بھی اس موقعہ پرموجود تھے ۔ آر پی او نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو پورے ہندوستان کی گورنرشپ کی آفر کی گئی لیکن بابائے قوم نے اسلامی مملکت پاکستان کی خاطر یہ آفر ٹھکر ادی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیبل آپریٹر اور میڈیا پاکستان کی سلامتی اور آن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے افواج پاکستان کے ہیروز ، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں شہید ہونے والے پولیس افسران اور ملازمین ، انڈسٹریوں سمیت مختلف نوعیت کے پروگراموں کو عوام الناس کے سامنے لانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ نئی نسل کو پاکستان سے محبت کو فروغ مل سکے ۔ آر پی او نے کہا کہ قومی غیرت اور ملی حمیت کا تقاضا ہے کہ پاکستان کو مضبوط کرنے کیلئے جدوجہد کی جائے اور بھارت کا ہر میدان میںمقابلہ کیا جائے تاکہ پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کے ارشادات اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے خواب کے مطابق ترقی یافتہ مضبوط اسلامی فلاحی مملکت بنایا جاسکے ۔ آر پی او نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں تھانوںکی سطح پر مصالحتی کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور ان مصالحتی کمیٹیوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے لڑائی جھگڑوں ، دشمنی اور رنجشوں کا خاتمہ ہونا شروع ہوا ہے جس سے امن کوفروغ ملا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے پولیس اپنی ذمہ داریاں انتہائی ایمانداری او ردیانت داری سے ادا کررہی ہے اور اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران کسی جانی ومالی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے مصالحتی کمیٹیوں کے ممبران کو خصوصی کارڈز جاری کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔ قبل ازیں مصالحتی کمیٹیوں کے ممبران نے اپنی اپنی کمیٹیوں کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور ایمانداری اور دیانت داری سے اپنی جدوجہد لڑائی جھگڑوں سمیت تمام تنازعات کو افہام وتفہیم سے ختم کروانے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔