سیالکوٹ :تھانہ کینٹ پولیس نے لاری اڈا سیالکوٹ پر چھاپہ مار کر علاقہ غیر سے لائی جانے والے اعلی کوالٹی کی دو کلو گرام منشیات برآمد کرکے ایک ملزم صہیب خان کو گرفتار کرلیا ہے ۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزم صہیب خان علاقہ غیر سے دو کلو گرام چرس لے کر سیالکوٹ فروخت کیلئے لایا جسے پولیس نے مخبری پرچھاپہ مار کر گرفتار کرلیااور ملزم کے قبضہ سے دو کلو گرام چرس برآمد کے قبضہ میں لے لی ۔ پولیس کے مطابق ملزم پہلے بھی ریکارڈ یافتہ منشیات فروش ہے اور اس کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :تھانہ اگوکی کے موضع ویرم میں چھ ملزموں نے تشدد کرکے خاتون کو شدید زخمی کردیا ۔ عینی شاہدین کے مطابق ملزم وحید اور اس کے ساتھیوںنے تلخ کلامی کے بعد محمد صفدر کی ہمشیرہ نازیہ کو ڈنڈے مار مار کر لہولہان کردیااور موقعہ سے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے فرار ہوگئے ۔ زخمی خاتون کو گورنمنٹ سردار بیگم سول ہسپتال سیالکوٹ میں داخل کروادیا گیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور ملزموں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں تاہم کوئی ملزم گرفتار نہ کیاجاسکا ہے ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :تھانہ کوتوالی پولیس نے ایک شہری سرفراز بیگ کی درخواست پر ملزم مقصود حسین کے خلاف بنک کا بوگس چیک دینے کے الزام میں مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے ۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ملزم نے رقم کی ادائیگی کیلئے سرفراز بیگ کو مقامی بنک کا ایک چیک دیا جسے کیش کرنے واکیلئے وہ جب بنک گیا تو ملزم کے اکاؤنٹ میں رقم ہی موجود نہ تھی ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :سیالکوٹ پولیس نے سماج دشمن عناصر کے خلاف مہم کے دوران مختلف مقامات سے23ملزموں کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے ناجائز اسلحہ ، منشیات اور شراب کی بوتلیں برآمد کرلی ہیں ۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ سول لائن پولیس نے جمشید خان کے قبضہ سے پستول ، تھانہ مراد پور پولیس نے ملزم قیصر خان کے قبضہ سے پستول ، تھانہ کوتوالی پولیس نے ملزم عدیل کے قبضہ سے شراب کی ایک بوتل اور ملزم سکندر کے قبضہ سے ایک بوتل شراب ، تھانہ اگوکی پولیس نے مجاہد بیگ کے قبضہ سے بندوق ، تھانہ صدر پسرور پولیس نے ملزم محمد عارف کے قبضہ سے رائفل ، تھانہ پھلورہ پولیس نے محمد بوٹا سے پستول ، ملزم وارث کے قبضہ سے رائفل اور ملزم پرویز کے قبضہ سے پستول ، تھانہ سٹی ڈسکہ پولیس نے ملزم ذیشان کے قبضہ سے پستول ، ملزم شہزاد کے قبضہ سے 120گرام چرس ، ملزم ذوالفقار کے قبضہ سے پستول ، ملزم نوید کے قبضہ سے کاربین ، تھانہ موترہ پولیس نے ملزم الطاف مسیح کے قبضہ سے پستول، ملزم وسیم کے قبضہ سے پستول ، ملزم محسن کے قبضہ سے پستول ، تھانہ ستراہ پولیس نے نوید کے قبضہ سے پستول ، تھانہ حاجی پورہ پولیس نے عدنان کے قبضہ سے پستول ، ملزم رفیع کے قبضہ سے پستول ،ملزم اللہ رکھا کے قبضہ سے ایک بوتل شراب ، ملزم افضل کے قبضہ سے ایک بوتل شراب ، ملزم لطیف کے قبضہ سے ایک بوتل شراب اور تھانہ کینٹ پولیس نے سول ہسپتا ل سے ملزم راشد کے قبضہ سے 170گرام چرس برآمد کرکے ان کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلئے ہیں۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :ایڈیشنل سیشن جج سیالکوٹ تنویر احمد شیخ نے عدالتی احکامات کے باوجود ساڑھے سات سال قبل پروفیسر کے مکان کو گرانے کے مقدمہ کا فیصلہ سناتے ہوئے میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کے سابق ایڈمنسٹریٹر محمد رفیق اعوان کو چھ ماہ قید کی سزا سنائی دی تاہم بعدازاں ملزم کی پچاس ہزار روپے کے مچلکوں پر ضمانت منظور کرنے پر ملزم کی رہائی کے احکامات جاری کردیئے ۔ چرچ روڈ سیالکوٹ شہر کے رہائشی پروفیسر عبدالحمید نے ساڑھے سات سال قبل 30مئی2001ء کو ایڈیشنل سیشن جج کے حکم امتناعی کے باوجود اس کے مکان کو بلڈوزر کی مدد سے گرانے اور سامان تباہ کرنے کے علاوہ سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے کے الزام میں اس وقت کے ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ محمد رفیق اعوان ، سٹی مجسٹریٹ ندیم سرور اور مجسٹریٹ عمران رضا عباسی سمیت دیگر کے خلاف عدالت میں مقدمہ دائر کرتے ہوئے انصاف کی اپیل کی تھی جس پر طویل سماعت کے بعد فاضل جج تنویر احمد شیخ نے جمعتہ المبارک کے روزگواہان کے بیانات اور وکلاء کے دلائل کے بعد سابق ایڈمنسٹریٹر میونسپل کارپوریشن محمد رفیق اعوان کوغیر قانونی اقدام پر چھ ماہ قید کی سزا سنائی جس کے بعد اسے کمرہ عدالت سے ہی پولیس نے حراست میں لے لیا تاہم بعدازاں ملزم کے وکلاء کی طرف سے فوری طور پر دائر کی جانے والی درخواست ضمانت کو فاضل جج نے اعلی عدالتوں کے فیصلوں کی روشنی میں ملزم کی ضمانت کی درخواست منظور کرتے ہوئے پچاس ہزار روپے کے مچلکوں پر رہا کرنے کے احکامات جاری کردیئے ۔ مقدمہ میںملوث کئے جانے والے دو مجسٹریٹوں ندیم سرور اور عمران رضا عباسی کو مقدمہ سے بری کرنے کافیصلہ بھی فاضل جج نے سنایا ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :سوئی گیس کی پائپ لائن کی ضروری مرمت کے سلسلہ میں (آج) یکم نومبر بروز ہفتہ دو پہر تین بجے سے سہ پہر پانچ بچے تک دو گھنٹے کیلئے سیالکوٹ کے علاقوں خادم علی روڈ ، ماڈل ٹاؤن ، نور پورہ ، کیپٹل روڈ ، حسین پورہ ، محلہ چاہ للاریاں ، کوٹلی بہرام ، دین پورہ اورگلشن ٹاؤن کے علاقوں میں سوئی گیس کی فراہمی بند رہے گی ۔ یہ بات سوئی نادرن گیس پائپ لائن لمیٹڈ کے انجےنئرچودھری محمد اکرم نے اپنی پریس ریلیز میں بتائی ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :پنجاب ٹیچرز یونین کا ہنگامی اجلاس گورنمنٹ بوائز ہائی سکول ہیڈمرالہ میں ضلعی کنونیئر عبدالقیوم راہی کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مرکزی صدر جان عالم خان کی طرف سے اساتذہ مطالبات کی منظوری نہ ہونے کے خلاف یکم نومبر سے احتجاجی تحریک شروع کرنے کے اعلان پر غور کیا گیا اور تحریک کو کامیاب بنانے کیلئے کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ۔ اجلاس میں طاہر محمو د، طارق قریشی ، میاں خالد شریف ، شبیراحمد مرزا ، محمد ارشد باجوہ ، ریاض حسین نقوی ، اظہر حسین ، محموداحمد ، میاں امجد علی ، چودھری محمد اشرف ، حبیب اللہ ، ملک محمد اعظم ، سعید شاہ کے علاوہ اساتذہ کی کثیرتعداد نے شرکت کی ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :کینٹ سٹیزن کونسل کی مجلس عاملہ کااہم اجلاس پانچ نومبر بروز بدھ رات ساڑھے آٹھ بجے سیالکوٹ چھاؤنی میں منعقد ہوگا ۔ جس میں ایجوکیشنل ایوارڈز2008ء ، ترقیاتی کاموں ، نئے ممبران کی توثیق ، پراپرٹی ٹیکس سے متعلقہ معاملات پر تبادلہ خیال اور تجاویز پر غور کیا جائے گا ۔ یہ بات تنظیم کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری وسیم ارشد نے اپنی پریس ریلیز میں بتائی ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے تحصیل بازار کی رہائشی خاتون شاہدہ بی بی کی درخواست پر تھانہ مراد پور میں درج مقدمہ کے ملزموں سے ساز باز کرکے اسے سنگین نتائج اور جھوٹے مقدمات میں پھنسانے کی دھمکیاں دینے کے الزام میں تفتیشی سب انسپکٹر محمد حسین کے خلاف محکمہ کاروائی کے احکامات جاری کردیئے ہیں اور قانون وانصاف کے تقاضے پورے کرنے کیلئے ایس پی انویسٹی گیشن راؤ منیر کو انکوائری آفیسر مقرر کردیا ہے ۔ خاتون شاہدہ بی بی نے اپنی درخواست میں الزام لگایا ہے کہ اس کے مقدمہ کے ملزم اشرف وغیرہ سے تفتیشی سب انسپکٹر محمد حسین ساز باز کرچکا ہے اور اسے مقدمہ کی پیروی چھوڑ کر صلح کرنے پر مجبور کررہا ہے اور انکار پر سنگین نتائج کی دھمکیوں کے علاوہ جھوٹے مقدمات میں پھنسادینے کی دھمکیاں دے رہا ہے جبکہ ملزموںنے اسے مقدمہ کی پیروی کے دوران کمرہ عدالت سے باہر نکلتے ہی دوبارہ تشدد کا نشانہ بھی بنایا جس پر بھی پولیس نے ملزموں کے خلاف کوئی کاروائی نہ کی بلکہ الٹا ایس پی انویسٹی گیشن کے ریڈر انسپکٹر سرور خان نے اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور بے عزت کیا اور اسے ڈرادھمکا کر دفتر سے باہر نکال دیا ۔خاتون نے قانون وانصاف اور تحفظ کی اپیل کی ہے ۔ (بےورورپورٹ)
سیالکوٹ :انجمن شیخاں سیالکوٹ کے صدر شیخ محمد اشرف حیدر نے کہا ہے کہ سیالکوٹ اور گردونواح کے عوام کی فلاح وبہبود کیلئے انجمن شیخان کا کردار کسی تعارف کا محتاج نہیں ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے انجمن کے زیر اہتمام چلنے والی فلاحی ادارے الشیخ جناح میموریل ویلفیئر ہسپتال میں شیخ ظفر اقبال آنند نیا اجالاسینٹر برائے ترک منشیات وارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کے دوران کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس شعبہ کے اجراء سے معاشرے میں تیزی سے پھیلتے ہوئے منشیات کے ناسور سے چھٹکارے میں کافی حد تک مدد ملے گی ۔ اس شعبہ کے اجراء کیلئے ہمیشہ فلاحی ادارے معاونت کرتے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ادارہ چودہ سال سے دن رات دکھی انسانیت کی خدمت میں مصروف ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہسپتال کو جلد ہی جدید مشینری سے لیس کردیا جائے گا جن میں لیپر وسکوپک یونٹ بھی شامل ہے ۔ اس موقعہ پر شیخ جاوید مقبول ، شیخ محمد یعقوب ، شیخ علاؤ الدین ، شیخ افتخار احمد ، حکیم شیخ محمد عبدالواحد ، شیخ اصغر حسین ، شیخ عاطف عبدالرحمن اور دیگر عہدیداران کے ہسپتال کے ڈاکٹر اور عملہ کے ارکان بھی موجو دتھے ۔ (بےورورپورٹ)
تازہ فضائی حملوں میں دولتِ اسلامیہ کے 14 جنگجو ہلاک
-
امریکہ کی سربراہی میں اتحادی ممالک نے شام میں تازہ فضائی کارروائی کے دوران
دولت اسلامیہ کے زیرِ کنٹرول علاقوں میں تیل کے کارخانوں کو نشانہ بنایا ہے جس
میں ...
11 years ago
