Thursday, October 30, 2008

سیالکوٹ:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن حامد حسین نے ڈسٹرکٹ جیل سیالکوٹ کا دورہ کیااور دو گھنٹے سے زائد وقت تک ڈسٹرکٹ جیل میں مقید قیدیوں سے ان کے مسائل دریافت کرنے کے علاوہ جیل میں قیدیوں کو دی جانے والی سہولیات اورسیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا ۔ سپریٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل ملک مشتاق اعوان کے ہمراہ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج حامد حسین نے جیل کی تمام بیرکوں میںجا کر قیدیوں سے ملاقاتیں کیں ۔انہوں نے جیل میں مقید سزائے موت کے چار سو کے قریب قیدیوں سے بھی ملاقاتیں کیں اور ان کے مسائل دریافت کرکے موقعہ پر ہی کاروائی کے احکامات جاری کئے ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جیل کے لنگر خانہ میںقیدیوں کیلئے تیار ہونے والے کھانے کا معیار چیک کیا جبکہ جیل میں مقید 52خواتین قیدیوں سے بھی ان کے مسائل پوچھے ۔ جیل کے معائنہ کے موقعہ پر ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کو بتایا گیا کہ سیکورٹی کیلئے جیل کے اندر اور باہر 20کلوز سرکٹ کیمرے نصب کئے گئے ہیں جبکہ دو واک تھر وگیٹ اور سکینگ مشین بھی نصب ہے جس کی مدد سے اندر آنے جانے والوں اور سامان کی تلاشی لی جاتی ہے ۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے جیل کے دورہ کے دوران معمولی مقدمات میںمقید 35قیدیوں کی ذاتی مچلکوں پر ضمانتوں پر رہائی کیلئے مزید کاروائی کیلئے ریکارڈ 3نومبر کو عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی جاری کیا۔

سیالکوٹ:ریجنل پولیس آفیسر وڈی آئی جی ذوالفقار احمد چیمہ نے کہا ہے کہ سیالکوٹ سے تعلق رکھنے عظیم شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال نے علیحدہ وطن کا نظریہ پیش کیا اور قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں برصغیر کے لاکھوں مسلمانوں نے جانی ومالی قربانیاں دے کر آزاد وطن پاکستان حاصل کیا لیکن اس عظیم مملکت کو بھارت نے پہلے دن سے ہی تسلیم نہ کیا اور یہ پاکستان کو تباہ کرنے کیلئے مذموم سازشوں میں مصروف ہے جن میں پاکستان میں بم دھماکوں کے علاوہ دریائے چناب سمیت دیگر دریاؤں کا پانی روک لینا بھی شامل ہے تاہم ان حالات میں ضرورت اس امر کی ہے کہ مملکت خداداد میں پاکستانی کلچر کو فروغ دیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گھر گھر ہندو کلچر پھیل رہا ہے جس سے نئی نسل تباہی وبربادی کے ساتھ ساتھ ہندوکلچر کا شکار ہونے لگی ہے جس کے سدباب کیلئے کیبل آپریٹروں اور میڈیا سمیت ہر شہری کو حب الوطنی کے جذبہ سے سرشار ہوکر جدوجہد کرنا ہوگی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس میں ضلع بھر کے تھانوں میں قائم کی گئی مصالحتی کمیٹیوں کے ممبران اور کیبل آپریٹروں کے ایک اجتماع سے خطاب کے دوران کیا ۔ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر)محمد امین وینس ،ایس پی انویسٹی گیشن راؤ منیر ، ڈی ایس پی صدر سرکل محمد اکرام خان ، ڈی ایس پی پسرور محمد سلیم صادق کے علاوہ پولیس افسران بھی اس موقعہ پرموجود تھے ۔ آر پی او نے کہا کہ بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح کو پورے ہندوستان کی گورنرشپ کی آفر کی گئی لیکن بابائے قوم نے اسلامی مملکت پاکستان کی خاطر یہ آفر ٹھکر ادی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کیبل آپریٹر اور میڈیا پاکستان کی سلامتی اور آن کی خاطر جانیں قربان کرنے والے افواج پاکستان کے ہیروز ، جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی میں شہید ہونے والے پولیس افسران اور ملازمین ، انڈسٹریوں سمیت مختلف نوعیت کے پروگراموں کو عوام الناس کے سامنے لانے کیلئے اقدامات کریں تاکہ نئی نسل کو پاکستان سے محبت کو فروغ مل سکے ۔ آر پی او نے کہا کہ قومی غیرت اور ملی حمیت کا تقاضا ہے کہ پاکستان کو مضبوط کرنے کیلئے جدوجہد کی جائے اور بھارت کا ہر میدان میںمقابلہ کیا جائے تاکہ پاکستان کو قائد اعظم محمد علی جناح کے ارشادات اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے خواب کے مطابق ترقی یافتہ مضبوط اسلامی فلاحی مملکت بنایا جاسکے ۔ آر پی او نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں تھانوںکی سطح پر مصالحتی کمیٹیوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے اور ان مصالحتی کمیٹیوں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ اس سے لڑائی جھگڑوں ، دشمنی اور رنجشوں کا خاتمہ ہونا شروع ہوا ہے جس سے امن کوفروغ ملا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام کے جان ومال کے تحفظ کیلئے پولیس اپنی ذمہ داریاں انتہائی ایمانداری او ردیانت داری سے ادا کررہی ہے اور اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے دوران کسی جانی ومالی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا ۔ انہوں نے مصالحتی کمیٹیوں کے ممبران کو خصوصی کارڈز جاری کرنے کے احکامات بھی جاری کئے ۔ قبل ازیں مصالحتی کمیٹیوں کے ممبران نے اپنی اپنی کمیٹیوں کی کارکردگی رپورٹس پیش کیں اور ایمانداری اور دیانت داری سے اپنی جدوجہد لڑائی جھگڑوں سمیت تمام تنازعات کو افہام وتفہیم سے ختم کروانے کیلئے جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ۔

سیالکوٹ:تھانہ بڈیانہ پولیس نے موضع سرائے شاہ فتح میں چھاپہ مار کر ڈکیتی راہزنی اور چوری کی درجنوں وارداتوں میںملوث چار ڈاکوؤں کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا ۔ ایس ایچ او انسپکٹر رانا ذوالفقار علی کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان محمداعجاز ، اشرف ، افضل اور ریاض نے دوران تفتیش متعدد اہم وارداتوں میں ملوث ہونے کا انکشا ف کیا ہے جبکہ ملزموںکے قبضہ سے تین پستول اور ایک بندوق برآمد کرکے مقدمات درج کرلئے گئے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم واردات کی نیت سے اسلحہ سمیت بیٹھے ہوئے تھے جنہیں پولیس نے مخبر کی اطلاع پر چھاپہ مار کر گرفتار کرلیا ۔

سیالکوٹ:تھانہ سٹی پسرور کے علاقہ کچہری میںسابقہ مقدمہ بازی کی عداوت پر دس ملزموںنے تشدد کرکے شہری کو لہولہان کردیا ۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ ملزم پرویز اورا س کے ساتھیوں نے ڈنڈوں سے مسلح ہوکر شان پر حملہ کردیااور اسے مار مار کر شدید زخمی کرنے کے علاوہ سنگین نتائج کی دھمکیاں دیں اور موقعہ سے فرار ہوگئے ۔ زخمی شان کو تحصیل ہیڈکوآرٹر ہسپتال پسرور میں داخل کروادیا گیا ہے جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزموں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارنے شروع کردیئے ہیں ۔

سیالکوٹ:تحصیل نائب ناظم ڈسکہ کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کے حمایت یافتہ امیدوار محمد الیاس کھٹانہ30ووٹ لے کر نائب تحصیل ناظم ڈسکہ منتخب ہوگئے ۔ انتخابات بدھ کے روز تحصیل کونسل ہال میںمنعقد ہوئے جن میں41 ممبران تحصیل کونسل میں 38ممبران نے حصہ لیا ۔ انتخابی نتائج کے مطابق 30ممبران تحصیل کونسل نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار محمد الیاس کھٹانہ کے حق میں ووٹ کاسٹ کئے جبکہ آٹھ ممبران تحصیل کونسل نے مسلم لیگ (ق) کے ضلع ناظم محمد اکمل چیمہ کے حمایت یافتہ امیدوار محمد منشاء گھمن کے حق میں ووٹ دیئے ۔ قبل ازیں انتخابات کے موقعہ پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے ۔ واضح رہے کہ نائب تحصیل ناظم ڈسکہ کی سیٹ مسلم لیگ (ق) کے نائب تحصیل ناظم ڈسکہ عمران بٹ ایڈووکیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد بھاری اکثریت سے کامیابی کے بعد خالی ہوئی تھی ۔اور اس عہدہ پر ہونے والے الیکشن میں مسلم لیگ (ن) نے محمد الیاس کھٹانہ جبکہ مسلم لیگ (ق) کے ضلع ناظم محمد اکمل چیمہ نے محمد منشاء گھمن کی حمایت کی ۔

سیالکوٹ:عدلیہ کی بحالی کیلئے ضلع بھر کے وکلاء نے بدھ کے روز ایک گھنٹہ عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جبکہ ضلع کچہری کے بارلان میں وکلاء نے مسلسل274ویں روز بھی بھوک ہڑتالی کیمپ لگایا جس میں صدر ڈسٹرکٹ بار ارشد محمود بگو ایڈووکیٹ اور سیکرٹری بار رانا محمد امجد ایڈووکیٹ کے علاوہ وکلاء کی کثیرتعداد نے شرکت کی ۔ قبل ازیں وکلاء نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں علی احمد کرد کی ریکارڈ ووٹوں سے کامیابی پر جشن منایا اورا سے معزول ججوں کی بحالی کی تحریک میں بڑی کامیابی قراردیا ۔وکلاء نے خوشی میں مٹھائیاں تقسیم کیں ۔

صیالکوٹ: یونین کونسل سہجو کالا کے ناظم عفت اقبال وریاہ نے بنیادی مرکز سحت سہجو کالا کے انچارج ڈاکٹر رضا رشیدطور اور نیو ٹریشن سپر وائیزر عبدالرزاق کمبوہ کی خصوصی دعوت پر سنٹر کا دورہ کیا ۔ دورہ کے موقع پر اہم سیاسی سماجی شخصیات شہزاد گوندل آف بھڈال، کونسلر رانا ندیم ، کوٹلی فرید کے چوہدری عبدالغنی ، گوجر یوتھ فورم کے چیئرمین چوہدری محمد سرور ، سیالکوٹ پریس کلب کے جنرل سیکرٹری محمد رشید چوہدری ، چوہدر ی مطفر گوجر، چوہدری اظہر چوہان، تنویر حیدر اعوان ، سوشل شخصیت رضا مقصود ، مسلم لیگ ق خواتین ونگ کی رہنما بشریٰ رزاق علوی کے علاوہ ہسپتال کا تمام عملہ بھی موجود تھا ۔ انچارج ڈاکٹر رضا رشید نے ناظم کو ہسپتال کی کارکردگی عوامی سروسز کے بارے میں بھی آگاہ کیا اور درپیش مسائل فلٹریشن پلانٹ ، فرنیچر کی کمی اور بلڈنگ کی مرمت وغیرہ کے بارے میں تفصیلی معلومات مہیا کیں علاقہ کی سیاسی سماجی شخصیات عفت اقبال وریاہ پر محکمہ صحت کے ڈی ایچ او شکیل بٹ اور ای ڈی او ہیلتھ سید طلعت اقبال اور ہسپتال مذکور کے تمام عملہ کی فرض شناسی انسان دوستی اور خوش اخلاقی کی تعریف کی ۔ ناظم نے اس موقع پر وعدہ کیا کہ ہسپتال کو درپیش مسائل کے حل کے لئے وہ ترجیحی سطح پر ضلع ناظم سے رابطہ کریں گےاور خصوصی بلڈنگ کی مرمت ، فلٹریشن پلانٹ کی تنصیب اور لائف سیونگ ڈرگز کی کے لئے تمام تر کوشش بروئے کار لائیں گے ۔ (بےورورپورٹ)