
سیالکوٹ:قومی ائیرلائن پی آئی اے نے نجی شعبہ میں تین ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے کویت کے بعد اب ابوظبی کیلئے بھی براہ راست مسافر پروازوں کا آغاز کردیا ہے ۔ اتوار کے روز پی آئی اے کی پہلی مسافر انٹرنیشنل پرواز پی کے 253چالیس مسافروں کو لے کر صبح ساڑھے دس بجے ابوظبی کیلئے روانہ ہوئی ۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے ابوظبی کیلئے بین الاقوامی مسافر پروازوں کے آغاز کے موقعہ پر سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے چیف ایگزیکٹو عظیم ظفر ، پی آئی اے کے ریجنل مینجر سید طارق اسماعیل ،ڈسٹرکٹ مینجر خالدحمید ، وائس چیئرمین ائیرپورٹ ڈاکٹر سرفراز بشیر ، سابق ضلع ناظم میاں محمد نعیم جاوید ، چودھری رضا منیر ،صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامر س اینڈ انڈسٹری ڈاکٹر خرم انور خواجہ کے علاوہ پی آئی اے کے افسران اور ائیرپورٹ کے متعدد ڈائریکٹرز بھی اس موقعہ پر موجو دتھے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پی آئی اے کے جنرل مینجر سیلز نعمان شاہ نے کہا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے پی آئی اے 29اکتوبر سے مسقط کیلئے براہ راست پروازیں بھی شروع کرے گا جو ہفتہ وار ہوگی جبکہ ابوظبی کیلئے پی آئی اے کی ہفتہ وار پرواز ہر اتوار کے روز سیالکوٹ سے ابوظبی جائے گی اور شام سات بج کر دس منٹ پر واپس سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ آیا کرے گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے جلد ہی سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے جدہ اور ریاض کیلئے بھی مسافر پروازیں شروع کرے گا ۔ (بےورورپورٹ)
