
سیالکوٹ : پیپلزپارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے دریائے چناب کا پانی روک لینے کی وجہ سے ان کے حلقہ انتخاب کے علاقہ میں لاکھوں ایکٹر رزعی اراضی اور فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور وہ غریب کسانوں اور کاشتکاروں کو پہنچنے والے نقصان کا معاملہ اسمبلی میں اٹھائیں گی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے دریائے چناب کا پانی روک لینے پر بھارت سے شدید احتجاج کیا ہے اور اس معاملہ کاجلد حل بھی نکل آئے گا ۔ انہوں نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ بجلی کے بلوں میں عوام کو چالیس فیصد ریلیف دینا حکومت کا احسن فیصلہ ہے کیونکہ عوام کو ریلیف دینا پاکستان پیپلزپارٹی کا منشور بھی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی قوم اور ملک ترقی وخوشحالی کی منزل حاصل نہیں کرسکتا ۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں نظام تعلیم کی بہتری کے نام پر نا م نہاد پراپیگنڈہ کیا گیا اور اربوں روپے ذائی تشہیر کیلئے ضائع کئے گئے لیکن ملک میں شرح خواندگی کی معیاری تعریف موجود نہیں ہے ۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ ان کے حلقہ انتخاب کے علاقوں میں بند پڑے ہوئے تعلیمی اداروں کو پڑھنے ، بیٹھے کے قابل بنایا جائے گا اور حکومت سے تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کروائی جائے گی تاکہ دیہات میں رہنے والی نسل کو بھی اعلی تعلیم کی سہولیات مہیا ہوسکیں۔رکن قومی اسمبلی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ لوڈشیڈنگ ، بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری سابقہ حکومت کی وجہ سے ہے اور اس کی سزا اب پوری قوم بھگت رہی ہے ۔ (بےورورپورٹ)
