Friday, October 24, 2008

بہتر تعلقات کوقائم کرنے اور خلاء کو دور کرنے کیلئے عوامی شعور کو اجاگر کرنے کیلئے جاری مہم کے دوران قومی اسمبلی کے حلقوں این ا ے 111اور این اے112کے عوام کی جانب سے مسعودہ برائے مطالبات کی تیاری کیلئے کام شروع کردیا گیا ہے جس کیلئے دونوں حلقوں سے ایک ایک ہزار افراد کے دستخط کروائے جارہے ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار پراجیکٹ مینجرطاہر محمود ، حلقہ این اے111کے کوآرڈنیٹر میاں عبدالشکور ، کنونیئر ملک شہباز کھوکھر ، کوآرڈنیٹر قومی اسمبلی حلقہ این اے112اظہر خلیل اور کنونیئررانا نعیم اعظم نے ایاز خان ، محمد حنیف طاہر اور ڈاکٹر محمد عابد کے ہمراہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ اس پراجیکٹ کو شروع کرنے کا بنیادی مقصد شہریوں کو ان کے حلقوں کے منتخب عوامی نمائندگان کے روبرو اپنے حلقے کے ترجیحی مسائل اور ضروریات سے آگاہی میں مدد دینا ہے اور اس سلسلہ میں دیہات کی سطح پر25پچیس ممبران پر مشتمل دو ورکنگ گروپ تشکیل دیئے گئے جنہوں نے دونوں حلقوں سے تعلق رکھنے والے ہر شہری جس میں مردوگھریو خواتین ، طالبہ وطالبات ، وکلاء ، سماجی کارکن اور ہر شعبہ سے تعلق رکھنے والے افراد شامل ہیںسے تبادلہ خیال کیا گیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دونوں حلقوں کے عوام سے براہ راست رابطوں اور مزاکرات کے بعد انہیں ان کے حقوق سے آگاہی کے بعد چارٹر آف مطالبات کی تیاری کی جارہی ہے جس میں ان حلقوں میں تعلیم وصحت کے مسائل کے علاوہ ترقیاتی منصوبہ جات ، پینے کے صاف پانی ، بجلی ، ٹیلی فون اور دیگر سہولیات کی فراہمی ، روزگار ، مہنگائی سمیت دیگر مسائل کے حوالے سے رپورٹ تیار کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جلد ہی ممبران قومی وصوبائی اسمبلیوں کی موجودگی میں عوامی فورم منعقد کئے جائیں گے جن میں تمام مسائل سے آگاہ کیا جائے گا ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :ایڈیشنل سیشن جج سیالکوٹ میاں فیض محمد کے حکم پر تھانہ حاجی پورہ پولیس نے اپنے ہی تھانہ کے سابق ایس ایچ او انسپکٹر اکرم چیمہ اور اے ایس آئی کامران بیگ کے علاوہ چار پولیس ملازمین اوردیگر گیارہ ملزموں کے خلاف چمڑے اور پراپرٹی کے معروف ڈیلر قمر الحسن کے گھر داخل ہوکر لوٹ مار کرنے اورمکان پر قبضہ کروانے کی کوشش کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کرکے کاروائی شروع کردی ہے تاہم ابھی کوئی گرفتاری عمل میں نہ لائی جاسکی ہے ۔ پولیس رپورٹ میں الزام لگایاگیا ہے کہ سابق ایس ایچ او انسپکٹر محمد اکرم چیمہ اور اے ایس آئی کامران بیگ نے دیگر پولیس ملازمین کے ہمراہ اس کے مخالفین خالد ، علی ، محمد حنیف وغیرہ گیارہ ملزموں سے ساز باز کرکے اس کے مکان پر قبضہ کرنے کیلئے عدالتی حکم کا جھوٹا بہانہ بنایااور گھر میں داخل ہوکر 16لاکھ روپے سے زائد مالیت کی نقدی زور دیگر سامان لوٹ لیاتاہم بعد میں انکشاف ہوا کہ کسی عدالت نے بھی قبضہ کروانے کا کوئی حکم جاری نہ کیا ہے ۔ شہری نے مقدمہ درج کروانے کیلئے پولیس کو درخواست دی لیکن کوئی کاروائی نہ ہونے پر عدالت میں رٹ دائر کی اور گذشتہ روز عدالتی حکم کے بعد پولیس نے اپنے پیٹی بند بھائیوں اور دیگر ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ۔ایس ایچ او انسپکٹر ملک نوید کا کہنا ہے کہ وقوعہ اس کی تعیناتی سے پہلے کا ہے تاہم میرٹ پر تفتیش کی جائے گی اور قانون وانصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں گے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :70ارب روپے سے زائد کا زرمبادلہ سالانہ برآمدات کی صورت میں پاکستان کو کما کردینے والے سیالکوٹ اورا س کے گردونواح میں جمعرات کے روز بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ کے بعد بجلی کے زیادہ بل آجانے پرشہریوں نے گیپکواور حکومت کے خلاف مظاہرے کئے تاہم چوک علامہ اقبال میں ہزاروں افراد کے ایک مظاہرے میں پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپ میں ڈی ایس پی صدر سرکل محمد اکرام خان سمیت متعدد افرادزخمی ہوگئے ۔ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں ہونے والے چھوٹے بڑے مظاہروں میں مردوں اور بچوں کے علاوہ خواتین نے بھی شرکت کی ۔تاہم پولیس نے کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نپٹنے کیلئے مظاہرین کو کنٹرول کرنے کیلئے پولےس کی بھاری نفری طلب کرنے کے علاوہ واپڈا تنصیبات کی سیکورٹی بھی سخت کردی ۔ جمعرات کی صبح مختلف فیکٹروں اور کارخانوں میں کام کرنے والے ایک ہزارسے زائد افراد جن میں دوکاندار اور عام شہریوں کے علاوہ بچے بھی شامل تھے ۔ مظاہرہ کرنے والوں کی قیادت گورنمنٹ سردار بیگم سول ہسپتال کے ڈاکٹر زاہدغنی ڈار نے کی ۔تاہم جب مظاہرین نے شہاب پورہ چوک میں پہنچ کر سڑک بلاک کردی اور ٹائروں کو آگ لگائی ۔ مین ہائی ویے بلاک ہونے سے سیالکوٹ سے گوجرانوالہ ، فیصل آباد ، گوجرانوالہ ، ڈسکہ، نارووال جبکہ سیالکوٹ سے وزیر آباد ، اسلام آباد ، کھاریاں ، گجرات ، ہیڈمرالہ اور اگوکی سمیت مختلف علاقوں کو جانے والی ٹریفک جام ہوگئی ۔اسی دوران اطلاع مل جانے پر پولیس کی بھاری نفری ڈی ایس پی صدر سرکل محمد اکرام خان کی قیادت میں شہاب پورہ چوک پہنچی تو مظاہرین نے گیپکو کالونی میں توڑ پھوڑ کیلئے جانے کی کوشش کی تاہم انہیں روکنے پر مظاہرین نے پولیس کو بھی گالیاں دینا شروع کردیں جوکہ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے پولیس نے لاٹھی چار ج کیا تو مظاہرہ کرنے والوں شامل درجنوں مشتعل افراد نے پتھراؤ شروع کردیا جس سے ڈی ایس پی محمد اکرام خان شدید زخمی ہوگئے تاہم اسی دوران مظاہرین نے زخمی ڈی ایس پی محمد اکرام خان کو یرغمال بنا لیا جنہیں پولیس کی امدادی ٹیموں نے کاروائی کرکے مشتعل افراد کی حراست سے چھڑوایااور گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ہسپتال سیالکوٹ داخل کروادیا گیا جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بیان کی جاتی ہے ۔ قبل ازیں ان مظاہرین نے روڑس روڈ چوک اور شہاب پورہ چوک کے درمیانی علاقہ میں مین ہائی وے پر مارچ کیا اور ہاتھوں میں ڈنڈے اٹھا کر نہ صرف حکومت بلکہ مقامی انتظامیہ ، واپڈا اور پولیس کو بھی گالیاں دیں جس کے بعد ایڈیشنل ایس پی اسماعیل طاہر کی قیادت میںپولیس کی بھاری نفری نے چوک شہاب پورہ کو گھیرے میں لے لیا ۔دو گھنٹے سے زائد وقت تک احتجاج کے بعد مظاہرین پرامن طور پر منتشر ہوگئے۔میانہ پورہ میں سینکڑوں خواتین نے زائد بلوں اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف روڈ پر آکر احتجاج کیا اور سینی کوبی کی ۔ جبکہ عالم چوک میںمشتعل افراد نے روڈ ایک گھنٹہ سے زائد وقت تک جام کئے رکھا ۔ اگوکی ، سمبڑیال ،ملکے کلاں ، گوہد پور میں بھی لوگوں نے مظاہرے کئے ۔مظاہرہ میںشامل ایک شہری نے کہا کہ اس کا ماہانہ بل تین سو روپے آتا ہے لیکن اس دوفعہ اسے تین ہزار روپے کے قریب بل آگیا ہے حالانکہ جس طرےقے سے بدترین لوڈ شیڈنگ ہورہی ہے اس سے اسے کم بل آنا چاہےے تھا ۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ کام بند ہیں کیونکہ بجلی نہیں ہوتی اور وہ بے روز گار ہورہے ہیں لیکن اب واپڈا والوں نے انہیں کئی گنا زائد بل بھجوائے ہیں جن کو ادا کرنے سے وہ قاصر ہیں ۔ مظاہرین نے گیپکو آفس کے باہر اپنے بل بھی نذر آتش کئے ۔مبارک پورہ محلہ کے رہائشی ایک دوکاندار امجد کا کہنا ہے کہ اس کا گھر کا بل سات روپے آتا تھا لیکن اب اسے 28سو روپے بل آیا ہے وہ کہاں سے رقم لا کر اسے ادا کرے ۔ سپر ٹنڈنٹ انجنئےر واپڈا امانت علی نے "روزنامہ آج کل" سے بات کرتے ہوئے کہا کہ سےالکوٹ مےں بجلی بند ہونے کی وجہ گےپکو نہےں ہے بلکہ گےپکو کو کنٹرول سےنٹر اسلام آباد سے بجلی ہی نہےں مل رہی اس لئے ہم لوڈ شےڈنگ کرنے پر مجبور ہےں انہوں نے کہا کہ ہم عوام کے ساتھ ہےں اور کوشش کر رہے ہےں کہ جلد از جلد لوڈ شےڈنگ کے بحران پر قابو پا لےا جائے انہوں نے کہا کہ عوام کو بھی چاہئے کہ وہ مشکل کی اس گھڑی مےں واپڈا کا ساتھ دےں اور واپڈا کی تنصےبات کو نقصان پہنچانے کی کوشش نہ کرےں کےونکہ واپڈا کی تنصےبات عوام کا اپنا اثاثہ ہےں ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :سیالکوٹ کے مختلف تھانوں کی پولیس نے بوگس چیک دینے کے الزام میں تین ملزموں کے خلاف علیحدہ علیحدہ مقدمات درج کرلئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ کوتوالی پولیس نے ملک محمد ارشد کی درخواست پر ملزم محمد افضل کے خلاف جبکہ غضنفر خان کی درخواست پر ملزم محمد آصف کے خلاف ، تھانہ کینٹ پولیس نے جمیل کی درخواست پر ملزم رانا ساجد کے خلاف جبکہ محمد امین کی درخواست پر ملزم ساجد کے خلاف بنکوں کے بوگس چیک دینے کے الزام میں مقدمات درج کرلئے ہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزموں نے رقوم کیا دائیگی کیلئے بنکوں کے جو چیک دیئے انہیںکیش کروانے کیلئے جب شہری بنک گئے تو ملزموں کے اکاؤنٹ میں رقوم ہی موجود نہ تھیں ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :دن دہاڑے ٹیلی نار فرنچاز کے گارڈ اور ملازم سے دو مسلح افراد سات لاکھ روپے کا کیش لوٹ کر کار میں سوار ہو کر فرار ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ حاجی پورہ کے علاقہ شہاب پورہ روڈ پر ٹیلی نار فرنچائز آفس سے آفس بوائے امجد اور گارڈ شوکت کیش لے کر بنک جمع کروانے نکلے تو دفتر کے باہر ہی دو نامعلوم مسلح ڈاکوؤں نے اسلحہ کے زور پر دونوں کو خوف زدہ کر کے سات لاکھ روپے کیش لوٹ اور کار میں بیٹھ کر فرار ہو گئے۔ پولیس مصروف کارروائی ہے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :سول لائن پولیس نے جعلی کاغذات کے ذریعے فراڈ کرنے پر پٹواری سمیت دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس رپورٹ کے مطابق ججے سائیاں کی نسیم بی بی کی اراضی محمد اعجاز نے فہیم پٹواری کی ملی بھگت جعلی اقرار نامہ وغیرہ سے زمین ہتھیا لی تھی۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :سول لائن پولیس نے سکول ٹیچر ناصر محمود کی رپورٹ پر محمد یوسف شاد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ سکول ماسٹر ناصر محمود نے کاروبار کیلئے محمد یوسف شاد کو آٹھ لاکھ روپے دیئے۔ واپسی کیلئے محمد یوسف شاد نے مقامی بنک کے تین چیک دیئے جو بنک نے اکاؤنٹ میں رقم نہ ہونے پر کیش کرنے سے انکار کر دیا۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :کوٹھے وائیں میں سر شام دو مسلح ڈاکو کار سوار فیملی سے ہزاروں روپے کی نقدی، زیورات اور موبائل فون لوٹ کر لے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ گنہ کلاں کا سرفراز احمد باجوہ کار نمبر LRA-4016پر اپنے گاؤں جا رہا تھا کہ تھانہ صدر سیالکوٹ کے موضع کوٹھے سائیںکے قریب مونجی میں چھپے ہوئے دو نامعلوم ڈاکو کار کے سامنے آگئے اور اسلحہ کے زور پر کار کو روک کر سرفراز احمد باجوہ سے بارہ ہزار روپے کی نقدی، خواتین کے کانوں میں پہنی ہوئی بالیاں اور موبائل فون لو ٹ کر فرار ہو گئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کر کے کارروائی شروع کر دی ہے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :سول جج سیالکوٹ محمد شعیب عدیل نے تھانہ کینٹ کے ناجائز اسلحہ کے مقدمہ میں ملوث ملزم اشفاق کو جرم ثابت ہو جانے پر پانچ ماہ قید بامشقت کی سزا کی سزا سنائی ہے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :سول جج سیالکوٹ لیاقت علی رانجھا نے تھانہ رنگپورہ کے مقدمہ چوری اور ارادہ ڈکیتی کے ملزم کو مجموعی طور پر بیس ماہ قید کی سزا کا حکم دیا ہے۔ علاوہ ازیں فاضل جج نے تھانہ نیکاپورہ کے مقدمہ چوری کے ملزمان آصف اور عرفان کو تین تین ماہ قید بامشقت کی سزا دی ہے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے ضلعی صدر بابر شاھین، سٹی صدر آفتاب حیدر، تحصیل بسیم اللہ کھوکھر، ظفر حسین، سرفراز احمد، محمد یٰسین اور مطلوب حسین نے اپنے مشترکہ بیان میں یونین کونسل لنگڑیالی کے موضع ملے چک پرانا میں سکول کی چار دیواری اور کمروں کی تعمیر کیلئے دس لاکھ روپے کی گرانٹ دینے پر رکن پنجاب اسلمبلی نرگس اعوان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :پاکستان پیپلز پارٹی کے قائمقام صدر چوہدری غلام عباس نے کہا ہے کہ حکومتی اقدامات نے دھشت گردی کے نیٹ ورک کو نیست و نابور کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی کے جیالے مادر وطن کی عزت و حرمت پر مر مٹنا جانتے ہیں۔ قبائلی علاقوں میں دھشت گردوں کے خلاف اپریشن روکنے کا مطالبہ کرنے والے دھشت گردوں کے درپردہ مدد کرنا چاہتے ہیں۔ ملک توڑنے کے خواب دیکھنے والوں کو شرمندگی اور شکست کے سوا کچھ حاصل نہیں ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سیالکوٹ کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات خواجہ فیاض لون کی قیادت میں ملنے والے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تحصیل پسرور کے صدر قمر عباس چاند، ضلعی سینئر نائب صدر منیب حسین گوندل اور تحصیل سمبڑیال کے جنرل سیکرٹری محمد بابر گھمن بھی موجود تھے۔ چوہدری غلام عباس نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے قائدین اور جیالے مادر وطن کی عزت و حرمت پر قربان ہونا باعث فخر سمجھتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی تمام حکومتوں نے اپنے ادوار میں ملکی دفاع اور سلامتی کو ناقابل تسخیر بنانے کیلئے تاریخی اقدامات کئے ہیں۔ موجودہ جمہوری اتحادی حکومت کے ؤثر اقدامات کے نتیجے میں ملک میں دھشت گردوں کے نیٹ ورک کو تہس نہس کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی علاقوں اور ملک کے دیگر دھشت گردوں کے خلاف اپریشن روکنے کا مطالبہ کرنے والے عناصر دراصل دھشت گردوں کی درپردہ مدد کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن پیپلز پارٹی ایسے عناصر کے غیر مستحکم کرنے کے خواب دیکھنے والوں کو شرمندگی اور شکست کے سوا کچھ نہ ملے گا۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :وزیر اعلیٰ پنجاب کی گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ضلع سیالکوٹ کے چار ہزار اسی دھندگان میں سے 205خوش نصیب کاشتکاروں کے نام قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کر لئے گئے۔ اس سلسلے میں ایک تقریب ڈی سی او سیالکوٹ کیپٹن(ر) عطاء محمد خان کی زیر صدارت منعقد ہوئی جس میں اراکین صوبائی اسمبلی چوہدری جمیل اشرف، نسیم اختر خواجہ، دیبا مرزا اور سابق ایم این اے سید افتخار الحسن ظاہرے شاہ، ڈی او سی سیالکوٹ سیف انور جپھہ، بنک آف پنجاب کے ایریا منیجر محمد خلیل، چیف منیجر ایوب احمد اور محمد عارف ہرناہ کے علاوہ ایم این ایز اور ایم پی ایز کے نمائندوں اور درخواست دھندگان نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈسٹرکٹ کوآر ڈی نیشن آفیسر نے اس موقع پر خطاب کرتے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی گرین ٹریکٹر سکیم کے تحت ضلع سیالکوٹ میں چھ ہزار تین سو تیس فارم تقسیم کئے گئے تھے اور اس سکیم کے تحت ضلع کی چاروں تحصیلوں سے مجموعی طور پر 4793کاشتکاروں نے درخواستیں جمع کروائیں جن میں سے چھان بین کے بعد 4080درخواستیں قرعہ انداز ی کیلئے درست قرار دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ جن خوش نصیب کاشتکاروں کے نام قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کئے جائیں گے ان کی فہرست ڈی سی او آفس کے باہر آویزاں کر دی جائے گی اور انہیں متعلقہ ڈی ڈی او آر کے ذریعے الاٹ منٹ لیٹر جلد جاری کر دیئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سکیم کے تحت حکومت پنجاب ایک ٹریکٹر پر دو لاکھ روپے سبسڈی ادا کریگی اس طرح سیالکوٹ میں اس سکیم کے تحت مجموعہ طار پر چار کروڑ دس لاکھ روپے سبسڈی کی جائے گی۔ بعد ازاں ڈی سی او نے اراکین صوبائی اسمبلی اور درخواست دھندگان کی موجودگی میں کمپیوٹر کا بٹن دبا کر قرعہ اندازی کا باضابطہ افتتاح کیا۔ قرعہ اندازی کے ذریعے تحصیل سیالکوٹ کے 58، تحصیل ڈسکہ کے 50، تحصیل پسرور کے 69اور تحصیل سمبڑیال کے 28خوش نصیب کاشتکاروں کے نام منتخب کئے گئے جبکہ 21کاشتکاروں کے نام قرعہ اندازی کے ذریعے ویٹنگ لسٹ میں رکھے گئے۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :علاقہ بجوات میں دھان کی تیار فصل کی کٹائی میں استعمال ہونے والی کمبائنڈ مشین کے مالکان نے مل کر کرائے میں سو فیصد اضافہ کر لیا ہے جس کی وجہ سے کاشتکاروں کو دھان کی فصل کی کٹائی میں پریشانی ہو رہی ہے جس کے دھان کی فصل خراب ہونے کا اندیشہ ہے۔ اس سلسلے میں علاقہ کے کاشتکاروں اور زمینداروں نے اڈا کاہلیاں میں احتجاجی مظاہرہ کیا اور ڈی سی او سیالکوٹ، ای ڈی او ریونیو سیالکوٹ، ڈی او ریونیو ، ای ڈی او زراعت اور ڈی او زراعت سے مطالبہ کیا ہے دھان کی تیار فصل کو خراب ہونے سے بچانے کیلئے کرایہ میں مناسب کمی لائے جائے تاکہ کاشتکاروں کو ریلیف مل سکے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :ڈسٹرکٹ کوآر ڈی نیشن آفیسر سیالکوٹ کیپٹن(ر) عطاء محمد خان کی ہدایت پر محکمہ لیبر نے سرانوالی، کوٹلی باوا فقیر چند، پسرور اور تحصیل ڈسکہ میں کارروائی کرتے ہوئے چاول/دھان کی خرید و فروخت کا کاروبار کرنے والے ٹریڈرز کے اوزان و پیمانہ جات درسست نے ہونے پر کارروائی کرتے ہوئے 36 دوکاندارو ں اور ٹریڈرز کے چالان کر دیئے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :پنجاب ٹیچرز یونین کے صدر انعام اللہ اور سیکرٹری اطلاعات محمد امتیاز نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں ایگزیکٹیو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملک جاوید محمود سے مطالبہ کیا ہے کہ ایجوکیٹرز کی بھرتی کے سلسلہ میں انٹرویوز کے شیڈول کا جلد اعلان کیا جائے تاکہ تذبذب کا شکار ہونے والے مستقبل کے معماران قوم میں پائی جانے والے بے چینی کا خاتمہ ہو سکے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :حکمران دوبئی میں آئی ایم ایف کے ساتھ کوفیہ معاہدوں کے ذریعے عوام کو مزید مہنگائی کے شکنجے میں جکڑنے کی نجائے اپنی عیاشیاں ختم کریں۔ سادگی اپنائیں، اندرون و بیرون ملک اپنے اثاثوں کا اعلان کریں۔ قومی خزانے میں اپنا ٹیکس ادا کریں اور بیرون ملک سرمایہ کو وطن عزیز میں منتقل کریں۔ حکمرانوں کو ملک کی سلامتی و ترقی عزیز ہے انہیں اپنی ذات سے آغاز کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا ا ظہار امیر جماعت اسلامی سیالکوٹ حافظ ظفر اقبال نے دوبئی میں حکومت پاکستان اور آئی ایم ایف کے نمائندوں کے درمیان قوم کے خلاف سازش قرار دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی مک کی تباہی کے ذمہ دار استعماری و طاغوتی ادارے ہیں اب پھر انہیں کے آگے کشکول پھیلا کر قوم کو مزید ذلت و رسوائی کا شکار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کے ظالمانہ پھندے کو قوم کے گلے میں ڈالنے سے باز رہے۔ عوام میں قوت خرید ختم ہو چکی ہے ،ہر روز عوام پر مہنگائی کے بم گرائے جا رہے ہیں، حکمران لفظوں کے تیر چلا رہے ہیں جب کہ عوام روٹی کو ترس چکے ہیں۔ معاشی استحکام کے دعوے قوم کو بے وقوف بنانے کی کوشش ہے۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سیالکوٹ کے صدر ارشد محمود بگو ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ سیالکوٹ میں بانی پاکستان حضرت قائد اعظم کے نام سے منسوب جناح سٹیڈیم ، تصور پاکستان کے نام سے منسوب گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ہسپتال، گورنمنٹ علاقہ اقبال گرلز کالج اور ان کے استاد محترم میر حسن کے نام سے منسوب محلہ بجلی گھر میں واقع تعلیمی ادارے کی بدحالی حکومت کی قومی ہیروز کے ناموں سے وابستہ اداروں کیساتھ ظلم کے مترادف ہے۔ افسوس کہ حکمران وطن عزیز کی ترقی کا دعوی کر رہے ہیں لیکن حقیقت میں اوپر سے لیکر نیچے تک ادارے تباہ ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہر اقبال میں بڑھتے ہوئے مسائل پر اخبار نویسوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ جناح سٹڈیم مکمل طور پر ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکا ہے، خستہ حالی کی وجہ سے کسی بھی کوئی ناخوشگوار واقع رونما ہو سکتا ہے۔ اسی طرح گورنمنٹ علامہ اقبال گرلز کالج میں گزشتہ کئی سالوں سے تعمیر شدہ ہوسٹل بند رہنے کی وجہ سے بھوت بنگلہ بنتے جا رہے ہیں لیکن کوئی توجہ دینے والا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ علامہ اقبال میموریل ہسپتال میں غریب عوام کی کوئی شنوائی نہیں۔ ڈاکٹروں کی توجہ صرف اپنے پرائیویٹ کلینکوں پر مرکوز ہے ادویات سمیت امراض کی تشخیض کیلئے مشینری نہ ہونے کے برابر ہے۔ غریب عوام ایڑیاں رگڑ رگڑ کر موت کے منہ میں جا رہے ہیں ۔ اسی طرح محلہ بجلی گھر میں واقع میر حسن سکول عرصہ دراز سے بند پڑا ہے جو حکمرانوں کے تعلیم کو فروغ دینے کے دعووں کے برعکس ہے۔ انہوں نے کہا کہ عملاً سیالکوٹ مسائلستان بن چکا ہے دن بدن کرپشن اور اضافہ ہو رہا ہے۔ (بےورورپورٹ)