Sunday, October 19, 2008

سیالکوٹ :تیسری سالانہ عظیم الشان سوہنے والی محفل غلاماں دے ویڑے (آج)19اکتوبر بروز اتوار زیر صدارت حاجی محمد رشید مسجد حنفیہ غوثیہ محلہ محمد پورہ ریلوے لائن والی گلی میں منعقد ہوگی ۔ جس میں ملک کے معروف نعت خواں محمد ریحان ، محمد حمزہ سلیم ہدیہ نعت پیش کریں گے ۔ محفل سے قاری عنایت اللہ قادری اور قاری محمد بشیر خصوصی خطاب بھی کریں گے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ :ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے موضع لدھڑ کے رہائشی محمد اقبال کی درخواست پرتھانہ اگوکی کے علاقہ میں چندروز قبل بیوی اور ا سکے ساتھیوں کے ہاتھوں قتل ہوجانے والے بیرون ملک سے پاکستان واپس آئے شہری محمد ریاض کے مقدمہ قتل میں لاکھوں روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی اور زیورات لوٹ لینے کی دفعات بھی شامل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں اور ملزموں کو گرفتار کرکے قانون کے مطابق کاروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ہے ۔محمد اقبال نے درخواست میں الزام لگایا ہے کہ ملزمہ نیلم نے دیگر ساتھیوں کی مدد سے اپنے خاوند محمد ریاض جوکہ اس کا سگھا بھائی تھا کو قتل کرنے کے بعد نعش چھپانے کیلئے تھانہ صدر ڈسکہ کے علاقہ میں ویران جگہ پر پھینک دی تاہم ملزموںنے اس سے قبل اس کے مقتول بھائی محمد ریاض کی دس لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی کرنسی اور ہزاروں روپے مالیت کے زیورات بھی لوٹ لئے تاہم پولیس نے مقدمہ درج کرتے وقت اس کا کوئی ذکر نہ کیا اس لئے ملزموں کو گرفتار کرکے مسروقہ نقدی اور زیورات بھی برآمد کئے جائیں ۔ دریں اثناء تھانہ اگوکی پولیس کے ایس ایچ او انسپکٹر رانا زاہد حسین کا کہنا ہے کہ ملزموں کی گرفتاریوں کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیںاورجلد ہی مقدمہ کے تمام ملزموں کو گرفتار کرلیا جائے گا ۔ (بےورورپورٹ)

سیالکوٹ: تحصیل ناظم سیالکوٹ امتیاز الدین ڈار نے ٹی ایم اے کے درجہ چہارم کے ملازمین کے زیر التوا ء ترقیوں کے کیسز کوتر جیحی بنیادوں پر نمٹانے کے احکاما ت دیتے ہوئے کہا کہ ملازمین تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن کی ریڑ ھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں ۔جن کے حقوق کے تحفظ کے بغیر ادارہ ترقی نہیں کر سکتا ۔یہ بات انہوں نے اسٹریٹ لائٹس کے ملازمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر تحصیل آفیسر (فنانس ) محمد افضل بٹ ، کنونیئر سٹریٹ لائٹ نائب ناظم حاجی پورہ خواجہ ناصر مجید ، سپرنٹنڈنٹ الیکٹریکل ڈیپارٹمنٹ عابدشجاع چیمہ ، سینئر لائٹ انسپکٹر محمد وارث ، حاجی قیصر اور عتیق خان موجود تھے ۔تحصیل ناظم سیالکوٹ نے کہا کہ تمام ملازمےن اےمانداری اور خلوص نےت کے ساتھ اپنے فرائض منصبی ادا کرےں تاکہ شہرےوں کو ٹی اےم اے کی جانب سے واٹر سپلائی ، صفائی اور سٹریٹ لائٹس کے سہولیات کے متعلق شکایات کا ازالہ کیا جا سکے ۔ تحصیل ناظم امتیاز الدین ڈار نے ٹی او (فنانس ) محمد افضل بٹ اور الیکٹریکل سپرنٹنڈنٹ عابد شجاع چیمہ کو ہدایت کی کہ وہ محمد وارث ،محمد نعیم ،محمد شفیق اور اکرام جعفری کے زیر التواء پروموشن کیسزکو فی الفور تیار کریں ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن لمیٹڈ نے سیالکوٹ کے شہری چودھری محمد بہادر کی درخواست پر محکمہ پی ٹی سی ایل کے ملازمین کے خلاف تحقیقات کا حکم دیدیا ہے اور اس سلسلہ میں ڈائریکٹر ٹیلی فون سیالکوٹ سے تفصیلی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔گوہد پور کے رہائشی کویت پلٹ پاکستانی شہری چودھری محمد بہادر کا کہنا ہے کہ اس کے گھر لگا ہوا ٹیلی فون نمبر052-4267914کئی ہفتے خراب رہنے کے بعد شدید احتجاج کے بعد ٹھیک کیا گیا جبکہ عملہ نے اسے کئی روز تک ذلیل وخوار کیا حالانکہ وہ ٹیکس دینے والا شہری ہے اور ماہانہ بل باقاعدگی کے ساتھ ادا بھی کرتا ہے ۔ شہری نے درخواست میں الزام لگایا ہے کہ درجنوں بار شکایات کے باوجود بھی اس کا ٹیلی فون ٹھیک نہیں کیا گیا تاہم درجنوں بار شکایات کرنے اور ایس ڈی او سے احتجاج کرنے کے بعد اس کا ٹیلی فون کئی روز بعد بحال کیا جس کی وجہ سے اسے زہنی کوفت ہوئی ۔ شہری نے کئی روز تک ذلیل وخوا رکرنے والے عملہ کے خلاف محکمانہ کاروائی عمل میںلانے کی اپیل کی جس پرچیئرمین پی ٹی سی ایل نے متعلقہ اہلکاروں کے خلاف کاروائی کے احکامات جاری کئے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:پاکستان مسلم لیگ (ق)پنجاب کی صوبائی ورکنگ کمیٹی کے رکن وضلعی صدر مسلم لیگ یوتھ ونگ سیالکوٹ صدف بٹ نے کہا ہے کہ چودھری پرویز الہی سمیت دیگر افراد کے خلاف ایک سال کا عرصہ گزر جانے کے بعد مقدمہ میں نامز دکرنا حکومت کی بددیانتی ہے تاہم اےسے اوچھے ہتھکنڈوں سے مسلم لیگ (ق) کو ختم نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی قیادت وکارکن خوف زدہ ہونگے بلکہ تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا جائے گااور ملک وقوم کی تعمیر وترقی اور ملکی سالمیت کیلئے جدوجہد کا سلسلہ جاری رہے گا ۔ انہوں نے ضلعی سینئر نائب صدر چودھری عمر ، محمد سرفراز اور میاں طیب حمید کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چودھری برادران نے ملک میں شرافت اور دیانت داری کی سیاست کو فروغ دیا اور تعمیر وترقی کے ریکارڈ پروگرام مکمل کرواکے حقیقی معنوں میںخود کو عوام کا خادم ثابت کیا ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمران ہر محاذ پرناکام ہوچکے ہیں اور ملک کو دیوالیہ پن سے بچانے کیلئے بھیک مانگنے پر مجبو رہوچکے ہیں حالانکہ پاکستان کو ترقی وخوشحالی کی شاہراہ پر گامزن کرکے ووٹ لے کر کامیاب ہونے والے حکمران خود پاکستانی خزانہ پر ایک بڑا بوجھ ہیں ۔ صدف بٹ نے کہا کہ مسلم لیگ (ق) کے صدر چودھری شجاعت حسین نے سب سے پہلے ملکی بقا وسلامتی اور مضبوطی کیلئے تمام جماعتوں کی مشترکہ کانفرنس بلانے کا اعلان کرکے پاکستان اور عوام سے اپنے محبت کا کھل کر اظہار کیا ہے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سیالکوٹ کیپٹن (ر) محمد امین وینس نے انچارج انویسٹی گیشن تھانہ نیکاپورہ انسپکٹر سرور گوندل کو تھانہ بیگوالہ کا نیا ایس ایچ او تعینات کردیا ہے جنہوں نے اپنے عہدہ کاچارج سنبھال کر کام شروع کردیا ہے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:محکمہ تعلیم سیالکوٹ کے نئے ایگزیکٹو ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ملک جاویدمحمود نے اپنے عہدہ کاچارج سنبھال کر کام شروع کردیا ہے ۔ انہوں نے چارج سنبھالنے کے بعد دفتر عملہ سے ایک میٹنگ کی جس میں محکمہ تعلیم سیالکوٹ کی کارکردگی کو بہتر بنانے کیلئے لائحہ عمل طے کیاگیااور اس سلسلہ میں انتہائی ایمانداری اور دیانت داری سے فرائض منصبی ادا کرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے دفتر عملہ اور اساتذہ کو کرپشن سے پرہیز کرنے کو کہا گیا ۔ ای ڈی او ملک جاوید محمود نے کہا ہے کہ محکمہ تعلیم میں کرپشن کرنے والے اب محکمہ سے باہر ہونگے تاہم ایمانداری سے فروغ تعلیم کیلئے جدوجہد کرنے والے اساتذہ اور عملہ کی حوصلہ افزائی کی جائے گی ۔ ای ڈی او نے کہا کہ محکمہ تعلیم میں ایجوکیٹروں کی ڈیڑھ ہزار سے زائد آسامیوں پر بھرتی میرٹ پر ہوگی اور اس سلسلہ میں کوئی سفارش یا سیاسی دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا ۔واضح رہے کہ سابق ای ڈی او خالد گورائیہ کو گرپشن اور بدعنوانیوںکی بنا ء پر معطل کیا گیا ہے ۔(بےورورپورٹ)

سےالکوٹ: ایگزیکٹو ڈسٹر کٹ آفیسر ایجوکیشن سیالکوٹ ڈاکٹر محمد جاوید نے بتایا ہے کہ اکتوبر میں ہونے والی ایجو کیٹرز کی بھر تی کے سلسلہ میں تمام امیدواروں کا ڈیٹا کمپیوٹر نہ ہونے کی وجہ سے انٹر ویوز کے نئے شیڈول کا اعلان جلد کر دیا جائے گا، اس لئے پہلے سے جاری شیڈول کو کینسل تصور کیا جائے ۔یا درہے کہ پہلے شیڈول کے مطابق 21اکتوبر سے لے کر 30اکتوبر تک مختلف آسامیوں کیلئے انٹرویو ز ہو نے تھے ۔(بےورورپورٹ)

سیالکوٹ:ڈسٹرکٹ پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن ضلع سیالکوٹ کاایک اجلاس ایسوسی ایشن کے صدر حافظ ذوالفقار شاہد کی صدارت میں منعقد ہوا جس پرائیوٹ تعلیمی اداروں کی فروغ تعلیم کیلئے خدمات کو خراج تحسین پیش کیاگیا ۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ سرکاری تعلیمی اداروں کے ساتھ ساتھ پرائیویٹ تعلیمی ادارے مثبت اور بہتر انداز سے نئی نسل کو تعلیم کے زیورسے آراستہ کررہے ہیں ۔ اور بعض مقامات پر پرائیویٹ تعلیمی اداروںکی کارکردگی سرکاری تعلیمی اداروں کے مقابلہ میںزیادہ بہتر ہے ۔ اجلاس میںفروغ تعلیم کا سلسلہ ایمانداری اور دیانت داری سے ادا کرتے رہنے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔ اجلاس میں انور علی خان ، منصور سرور ، چودھری محمد شفیق ، وقار حسین ملک کے علاوہ دیگر عہدیداروں نے بھی شرکت کی ۔(بےورورپورٹ)