Saturday, October 25, 2008


سےالکوٹ :قومی ائیرلائن پی آئی اے نے نجی شعبہ میں تین ارب روپے کی لاگت سے تعمیر ہونے والے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے ابوظبی اور مسقط کیلئے پروازیں شروع کرنے کیلئے انتظامات مکمل کرلئے ہیں اور ان پروازوں کا باقاعدہ آغاز رواں ماہ 26اکتوبر اور29اکتوبر سے کیا جائے گا۔ اس امرکا انکشاف پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کے ریجنل مینجر سید طارق اسماعیل نے تاج ہوٹل میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کے چیئرمین چودھری غلام مصطفی ، کلکٹر کسٹم ذوالفقار اے کاظمی اور چیف ایگزیکٹو سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ عظیم ظفر ، سابق صدر سیالکوٹ چیمبر محمد حنیف خان ، ڈائریکٹران ائےرپورٹ چودھری رضا منیر، عبدالسلام چیمہ ، زاہد رفیق ٹونی ،عمران ٹونی اور شیخ اعجاز جموں والے کے علاوہ بزنس مینوں ، ائیرپورٹ کے حکام ، پی آئی اے کے مقامی افسران اور کارگواور ٹریول ایجنٹس کی کثیرتعدا دنے شرکت کی ۔ سید طارق اسماعیل نے تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ سیالکوٹ سے ابوظبی کیلئے پی آئی اے کی ہفتہ وار انٹر نیشنل مسافر پرواز کا آغاز26اکتوبر بروزاتوار جبکہ سیالکوٹ سے مسقط کیلئے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازکا آغاز29اکتوبر بروز بدھ سے ہوگا جس کیلئے انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اس سے قبل پی آئی اے کی ہفتہ وار تین مسافر پروازیں کراچی کیلئے جبکہ ایک انٹرنیشنل پرواز کویت کیلئے جمعتہ المبارک کے روز جاتی اور واپس آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج پروازوں کا آغاز آئندہ سال سے کیا جائے گا جس کیلئے پروگرام ترتیب دیا جارہا ہے ۔ سید طارق اسماعیل کا کہنا ہے کہ پی آئی اے یورپ اور امریکہ کیلئے بھی مسافر پروازوں کا آغاز کرے گا تاہم ابھی اس کیلئے کچھ وقت لگے گا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ چودھری غلام مصطفی نے کہا کہ سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیرپورٹ کا میگا پراجیکٹ بزنس کمیونٹی کی ایک کامیاب اور بے مثال کارنامہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عریبن ائیرلائن نے روزانہ شارجہ کیلئے سیالکوٹ سے مسافر پروازیں شروع کرنے کی آفر کی ہے اور اس سلسلہ میں اجازت کیلئے حکومت پاکستان کو باقاعدہ درخواست دیدی ہے جس کی حکومت پاکستان کو منظوری دینی چاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوبئی اور جدہ کیلئے بھی پی آئی اے کو پروازیںشروع کرنی چاہیں ۔ تقریب میں نمایاں کارکردگی کے حامل ٹریول ایجنٹس اور کارگو ایجنٹس میں شیلڈیں بھی تقسیم کی گئیں ۔(بےورورپورٹ)